پستول اور کارتوس ضبط، سٹی پولیس کمشنر انجنی کمار کا بیان
حیدرآباد۔ 27 ڈسمبر (سیاست نیوز) شہر میں غیرقانونی طور پر دیسی ساختہ ہتھیار کی فروخت میں ملوث بین ریاستی مجرمین کی ٹولی کو ٹاسک فورس پولیس نے گرفتار کرلیا۔ کمشنر پولیس انجنی کمار نے اس سلسلہ میں میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 18 سالہ حسین غیاث محمد خان جس کا تعلق بہار سے ہے‘ روزگار کی تلاش میں حیدرآباد منتقل ہوا تھا اور وہ آٹو چلانے لگا۔ کم آمدنی سے پریشان ہوکر آسانی سے روپئے کمانے کی غرض سے اس نے غیرقانونی طور پر دیسی ساختہ ہتھیاروں کو فروخت کرنے کا منصوبہ تیار کیا۔ اس سلسلہ میں اس نے 3 ماہ قبل اپنے آبائی مقام بہار پہنچ کر اودئے پانڈے عرف پنڈت سے دیسی ساختہ پستول اور 3 راؤنڈس کارتوس حاصل کئے اور اسے شہر میں فروخت کرنے کی کوشش کررہا تھا۔ خفیہ اطلاع ملنے پر ٹاسک فورس پولیس نے حسین غیاث محمد خان اور اس کے 5 ساتھیوں‘ پی پرکاش ‘ جئے موہن‘ نریندر چودھری ‘ نیمی چند اور گنپت کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمین کے قبضہ سے ہتھیار برآمد کرتے ہوئے انہیں مارکٹ پولیس کے حوالہ کردیا ہے۔