جلد کی خوبصورتی کا راز اچھی اور متناسب غذا میں پوشیدہ ہے۔ مختلف کریمیں اور لوشنز وغیرہ آپ کی جلد کو ہموار اور چمکدار بنانے میں مددگار تو ثابت ہوتے ہیں لیکن اس کی اندرونی صحت اور خوبصورتی کا دار و مدار آپ کی متوازن غذا پر ہے لہذا آپ کی غذا میں وٹامنس، منرلس اور پروٹین وغیرہ کا صحیح تناسب میں شامل ہونا انتہائی ضروری ہے۔ فیشیل اور مساج جلد کی ٹوننگ کیلئے اچھے ثابت ہوتے ہیں لیکن بار بار بیوٹی پارلر کے چکر لگانے کے باوجود آپ مطلوبہ نتائج حاصل کرنے میں ناکام رہتی ہیں اور آپ کی جلد بدستور بے رونق اور چکنی نظر آئے تو سمجھ لیں
کہ آپ کی غذا میں چکنائی کی مقدار زیادہ ہے اور اب اس میں کمی کرنے کا وقت آگیا ہے۔ جوں ہی آپ اس پر عمل پیرا ہوں گی، آپ کی اسکن خوبصورت اور چمکدار ہوجائے گی۔ اگر آپ کی جلد خشک اور کھردری ہے تب آپ کو زیادہ پانی پینے کی ضرورت ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایسی غذا لیں جس میں اومیگا تھری کی مناسب مقدار مناسب ہو۔ذیل میں جلد کی مطابقت کے لحاظ سے آپ کی رہنمائی کیلئے، کھانے پینے کے بارے میں کچھ ایسی ٹپس بیان کی جارہی ہیں جن پر عمل کرنے سے آپ کی جلد خوبصورتی سے جگمگا اٹھے گی۔
خشک جلد : اگر آپ کی جلد بے حد خشک، بے رونق اور کھردری ہے اور چہرے پر بال بھی ہیں تو بہت ممکن ہے کہ آپ تھائی رائیڈ کی بے قاعدگی کا شکار ہیں۔ اس صورت میں ڈاکٹر سے مشورہ کریں اور ان کی تجویز کردہ دواؤں کے ساتھ ساتھ ایسی غذائیں لیں جو اس مسئلہ کی روک تھام میں آپ کی مددگار ثابت ہوں۔ ہرے پتوں والی سبزیاں جیسے کہ پالک کا استعمال زیادہ کریں اور اومیگا تھری آئیل جسے عرف عام میں مچھلی کا تیل کہا جاتا ہے، استعمال کریں۔
چکنی جلد : زیادہ چکنائی والی غذاؤں اور جنک فوڈ سے مکمل اجتناب برتیں جیسے کہ آلو چپس، پیزا، اور برگر وغیرہ۔ اس کے علاوہ میٹھی چیزوں سے بھی ہاتھ کھینچ لیں۔ مثلاً کیک، پیسٹریز اور بسکٹ وغیرہ، گھی، تیل اور مکھن کے بجائے زیتون کا تیل اپنے کھانوں میں استعمال کریں۔
خارش زدہ جلد : یہ مسئلہ وٹامن کی کمی کے باعث ہوسکتا ہے لہذا ایسی غذائیں استعمال کریں جن میں وٹامن بی پایا جاتا ہو ، مثلاً مختلف قسم کی پھلیاں، مچھلی اور انڈے وغیرہ، کبھی کبھی خارش کا تعلق دوران خون کی خرابی سے ہوتا ہے اور وٹامن بی اس صورت میں بھی فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔
دانوں اور مہاسوں والی جلد: اگر آپ کے دانوں اور ایکنی کا باعث زیادہ چکنی جلد ہے تب آپ زیادہ چکنائی والے کھانوں میں کمی کرکے اس مسئلہ پر قابو پاسکتی ہیں۔ کاجو، مونگ پھلی، اخروٹ، بغیر چھنے آٹے کی روٹی اور تازہ مچھلی کا استعمال ایکنی والی جلد کو نہ صرف اضافی غذائیت فراہم کرتا ہے بلکہ اس سے دانوں اور بلیک ہیڈز میں بھی کمی واقع ہوتی ہے۔ وٹامن ای کا استعمال بھی اس صورت میں مفید ثابت ہوتا ہے۔ خواہ آپ اسے غذا کی صورت میں لیں یا بطور فوڈ سپلیمنٹ استعمال کریں۔