چندی گڑھ 25 مئی (سیاست ڈاٹ کام )دہلی ڈیر ڈیولس کی آئی پی ایل مہم کا مایوس کن اختتام ہوا جیسا کہ ٹورنمنٹ کے آخری گروپ مرحلہ کے مقابلہ میں اسے ٹیموں میں سرفہرست مقامات پر موجود کنگس الیون پنجاب کے خلاف 7وکٹوں کی شکست برداشت کرنی پڑی ۔ پہلے بیاٹنگ کرنے والی دہلی ڈیر ڈیولس کے کھلاڑی پھر ایک مرتبہ ناکام ہوئے اور ساری ٹیم 18.1 اوورس میں 115 رنز پر ڈھیر ہوگئی حالانکہ کپتان پیٹرسن نے اننگز کا آغاز کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی ورنہ دہلی کی اننگز کا مزید برا حشر ہوتا ۔
پیٹرسن نے 41 گیندوں میں 9 چوکوں کی مدد سے 58 رنز اسکور کئے جبکہ دوسرا اعظم ترین اسکور دنیش کارتک نے 7 گیندوں میں 3 چوکوں کی مدد سے 13 رنز کی شکل میں بنایا اور نیشم نے 20 گیندوں میں 12 رنز اسکور کئے ۔ مذکورہ تین کھلاڑیوں کے علاوہ دیگر کوئی بھی بیٹسمین دوہرے ہند سہ کو عبور نہ کرسکا ۔جوابی اننگز میں پنجاب نے 14 ویں اوور کی پانچویں گیند پر تین وکٹوں کے نقصان کے بعد 119 رنز اسکور کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرلی۔ دہلی کو جہاں 14 مقابلوں میں 12 شکست برداشت کرنی پڑی وہیں پنجاب نے 14 مقابلوں میں 11 فتوحات حاصل کرتے ہوئے 22 نشانات کے ذریعہ دوسرے اور تیسرے مقام پر موجود کولکتہ اور چینائی سے چار نشانات آگے ہیں۔