دہلی کو عالمی درجہ کا شہر بنایا جائے گا : کجریوال

نئی دہلی ۔ 9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) دارالحکومت دہلی میں آلودگی، کوڑاکرکٹ اور ٹریفک کے سب سے بڑے مسائل کا حوالہ دیتے ہوئے چیف منسٹر اروند کجریوال نے آج کہا کہ دہلی کو ان دنوں آلودگی، کوڑا کرکٹ اور ٹریف سے پیدا ہونے والی فضائی آلودگی کا سامنا ہے۔ ان کی حکومت دہلی کو ساری دنیا کے بہترین شہروں میں سے ایک شہر بنانے کیلئے تجاویز اور اشتراکیت پر غور کررہی ہے۔ کجریوال نے یہ بات امریکی سفیر رچرڈ ورمال سے ملاقات کے دوران کہی۔ جب انہوں نے دہلی سکریٹریٹ میں چیف منسٹر سے ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات میں مختلف مسائل پر بات چیت کی گئی اور اروند کجریوال نے رشوت کو قومی مسئلہ قرار دیا اور کہا کہ اس لعنت کو ہر سطح سے ختم کرنے کی ضرورت ہے ۔ دہلی کو درپیش کئی مسائل کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی حکومت کی یہ بڑی ذمہ داری ہیکہ وہ دہلی کے عوام کی توقعات کے مطابق کام انجام دیں۔ شہر کو دنیا کے سب سے بہترین شہروں میں سے ایک شہر بنانا چاہتے ہیں۔ امریکی سفیر نے اروند کجریوال کو عام آدمی پارٹی کی کامیابی پر مبارکباد دی۔