نئی دہلی 17 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) یہ واضح کرتے ہوئے کہ قومی دارالحکومت میں جرائم کی شرح بہت زیادہ ہے چیف منسٹر اروند کجیروال نے آج مطالبہ کیا کہ دہلی پولیس کو دہلی کی حکومت کے تحت کردیا جائے کیونکہ دہلی کے عوام چاہتے ہیں کہ پولیس فورس سے شہر میں ہونے والے ہر جرم کے تعلق سے جواب طلب کیا جائے ۔ اروند کجریوال نے مرکزی وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے سے ملاقات کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عوام ہم سے جواب طلب کرنے آ رہے ہیں۔ عوام مرکزی وزیر داخلہ سے جواب طلب نہیں کرتے ۔ اب وقت آگیا ہے کہ دہلی پولیس کو دہلی حکومت کے تحت کردیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ضرورت پڑے تو این ایم ڈی سی علاقہ کی سکیوریٹی کا ذمہ مرکز کو دیا جاسکتا ہے لیکن لا اینڈ آرڈر کے فرائض اور مابقی شہر کی حفاظت دہلی حکومت کو سونپ دئے جانے چاہئیں۔ دہلی پولیس فی الحال مرکزی وزارت داخلہ کے انتظامی کنٹرول میں ہے ۔ مسٹر کجریوال کے ساتھ وزرا منیش سیسوڈیہ اور سومناتھ بھارتی کے علاوہ راکھی برلا بھی تھے ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے فرائض سے تغافل برتنے والے پولیس عہدیداروں کی معطلی کا مطالبہ کیا ہے ۔ کجریوال نے کہا کہ وزیر داخلہ نے انہیں تیقن دیا ہے کہ وہ ان مطالبات کا جائزہ لے کر ان سے رابطہ کرینگے ۔
بعد ازاں جب یہ سوال کیا گیا کہ آیا دہلی کی حکومت اپنے فرائض سے فرار حاصل کر رہی ہے مسٹر منیش سیسوڈیہ نے کہا کہ حکومت دہلی در اصل مزید ذمہ داری حاصل کرنا چاہتی ہے ۔ کجریوال کی ملاقات کے بعد دہلی کے پولیس کمشنر مسٹر بی ایس بسی نے وزیر داخلہ شنڈے سے ملاقات کی ۔ اس دوران چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال اور ان کے کابینی رفقا اور عام آدمی پارٹی کے ارکان اسمبلی وزارت داخلہ کے باہر پیر سے دھرنا منظم کرینگے اگر ان پولیس عہدیداروں کے خلاف کارروائی نہ کی گئی جنہوں نے دہلی کے دو وزرا کی ہدایات کو مبینہ طور پر نظر انداز کیا گیا ہے ۔ دہلی کے سینئر وزیر مسٹر منیش سیسوڈیہ نے کہا کہ ہم وزیر داخلہ کے دفتر کے باہر دھرنا منظم کرینگے اگر پولیس عملہ کو معطل کرنے ہمارے مطالبہ کو پورا نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کجریوال نے مرکزی وزیر داخلہ سے ملاقات کریت ہوئے دہلی میں بڑھتے ہوئے جرائم کے تعلق سے نمائندگی کی ہے اور خاص طور پر کہا ہے کہ خواتین کے خلاف جرائم اور عصمت ریزی کے واقعات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔ چیف منسٹر نے وزیر داخلہ کو حالیہ دو واقعات سے بھی واقف کروایا جس میں دہلی پولیس نے مبینہ لا پرواہی کا مظاہرہ کیا ہے ۔