دہلی پولیس پر بی جے پی کے دباؤ میں کام کرنے کا الزام

نئی دہلی 6 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی میں کل ہونے والی اسمبلی انتخابات کی پولنگ سے قبل عام آدمی پارٹی نے الزام عائد کیا ہے کہ دہلی پولیس عام آدمی پارٹی قائدین کے خلاف فرضی مقدمات درج کرنے بی جے پی کے دباؤ میں کم کر رہی ہے ۔ پارٹی کے سربراہ اروند کجریوال نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دہلی پولیس عہدیداروں پر بی جے پی کی جانب سے زبردست دباؤ ڈالا جا رہا ہے ۔ وہ تمام طرح کے الزامات عائد کرینگے ۔ یہ ان کی سیاست ہے ۔ واضح رہے کہ دہلی میں پولیس نے اتم نگر حلقہ اسمبلی سے پارٹی امیدوار کو شراب کے کارٹونس کی دستیابی کے مقدمہ میں پوچھ تاچھ کیلئے طلب کیا ہے ۔ کجریوال نے کہا کہ پارٹی امیدوار بالیان کے خلاف تمام الزامات فرضی ہیں۔ پولیس نے اتم نگر امیدوار نریش بالیان کو بھاری مقدار میں شراب کی دستیابی سے متعلق سوالات کیلئے طلب کیا ہے ۔ چند دن قبل یہ شراب ضبط ہوئی تھی ۔ پارٹی کے ایک اور لیلار آشوتوش نے ادعا کیا کہ انہوں نے کل رات پولیس کمشنر کو فون کیا تھا اور ان سے کہا تھا کہ پولیس بی جے پی کی ایما پر عام آدمی پارٹی قائدین اور امیدواروں پر دباؤ ڈال رہی ہے اور انہیں پریشان کر رہی ہے ۔ تاہم انہوں نے کہا کہ کمشنر پولیس نے ان کے فون کال پر بات نہیں کی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ کمشنر پولیس سے ملاقات کرنے کی کوشش کرینگے اور ان سے خواہش کی جائیگی کہ بی جے پی کے دباؤ کو تسلیم نہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی لیڈر نریش بالیان کے خلاف کوئی مقدمہ نہیں ہے ۔ کوئی شکایت نہیں ہے ۔ انہیں نصف شب کو نوٹس جاری کی گئی ہے ۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کچھ عزائم ہیں اور ایک سازش ہے تاکہ عام آدمی پارٹی کو بدنام کیا جاسکے۔
آشوتوش نے اپنے کچھ ٹوئیٹس میں کہا کہ انہیں اطلاع ملی ہے کہ پولیس عہدیدار دباؤ میں ہیں کہ عام آدمی پارٹی کے خلاف کارروائی کی جائے اور اس سلسلہ میں وہ آج الیکشن کمیشن عہدیداروں سے ملاقات کرکے انہیں صورتحال سے واقف کروائیں گے ۔ گذشتہ شب انہوں نے ایک اعلی پولیس عہدیدار سے بات کی ہے اور وہ دباؤ میں ہیں ۔ اس دباؤ کا مقصد عام آدمی پارٹی امیدواروں کو خوفزدہ کرنا ۔ انہیں ہراساں کرنا اور ان کے خلاف مقدمات درج کرنا ہے ۔ کمشنر پولیس بی ایس بسی نے الزام کی تردید کی اور کہا کہ پولیس پر کوئی دباؤ نہیں رہا ۔