نئی دہلی ۔6مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) دفاعی چمپئن دہلی کو آج تن آسانی کی بھاری قیمت چکانی پڑی جیسا کہ آج کھیلے گئے مقابلے میں اسے سروسیس کے خلاف 44رنز کی شکست برداشت کرنی پڑی ۔ دہلی کو شکست دیتے ہوئے سروسیس اور پنجاب نارتھ زون سے وجئے ہزارے ٹرافی کے اصل ٹورنمنٹ میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔ دہلی ٹیم انتظامیہ نے سروسیس کے خلاف اس مقابلہ میں اپنے تین سینئر کھلاڑیوں آشیش نہرا ‘ ایشانت شرما اور متھن منہاس کو آرام دینے کا فیصلہ کیا لیکن انتظامیہ کے اس فیصلہ کا ٹیم کو شدید نقصان اٹھانا پڑا ۔ دہلی کے کپتان گوتم گمبھیر نے ٹاس جیت کر سروسیس کو پہلے بیٹنگ کیلئے مدعو کیا جس نے رجت پالیول کے ناقابل تسخیر 105رنز اور کپتان یشپال سنگھ کے 75رنز کی بدولت پانچ وکٹوں کے نقصان پر 257رنز اسکور کئے ۔ مذکورہ کھلاڑی اُس وقت وکٹ پر یکجا ہوئے جب ٹیم 36/3 کی نازک صورتحال سے پریشان تھی ‘ تاہم مذکورہ کھلاڑیوں نے چوتھی وکٹ کیلئے 168رنز کی پارٹنرشپ نبھائی۔ جوابی اننگز میں دہلی 48.2اوورس میں 213رنز اسکور کرپائی ۔ فاتح ٹیم کیلئے ابھیشیک سکوجا‘ دیویش پتھانیہ اور سورج یادو نے فی کس دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ فیلڈروں نے غیر معمولی فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا ۔ دہلی کیلئے انمکٹ چند (20) اور گوتم گمبھیر (27)نے پہلی وکٹ کیلئے 51رنز بناتے ہوئے ٹیم کو بہتر شروعات فراہم کی تھی۔