دہلی میں پولیس پر سنگباری کا واقعہ

نئی دہلی 21 فروری (سیاست ڈاٹ کام) شمالی دہلی کے بوراری پولیس اسٹیشن میں کل پولیس کے ساتھ پرتشدد جھڑپ میں 15 افراد زخمی ہوگئے۔ اس واقعہ میں عام آدمی پارٹی کے 2 ارکان اسمبلی اور ان کے حامیوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرلیا گیا۔ جس میں سے 6 حامیوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ اگرچیکہ ارکان اسمبلی سنجیو جھا (بوراری) اور اکھلیش پتی ترپاٹھی (ماڈل ٹاؤن) کو گرفتار نہیں کیا گیا لیکن ایف آئی آر میں ان کا نام درج ہے۔ پرتشدد جھڑپ میں کل 9 پولیس ملازمین اور عام آدمی پارٹی کے 6 ارکان اُس وقت زخمی ہوئے جب رکن اسمبلی سنجیو جھا کی گاڑی کو بوراری پولیس اسٹیشن میں داخلے سے روک دیا گیا۔ رکن اسمبلی ارون کے حامی کل صبح 11.30 بجے اغواء کاروں کے خلاف کیس درج کرنے کیلئے آئے تھے جنھوں نے پردھان انکلیو کالونی سے اغواء کاروں کے چنگل سے ایک لڑکے کو چھڑا لیا تھا۔ ایک اور رکن اسمبلی ترپاٹھی جیسے ہی اپنے حامیوں کے ساتھ پولیس اسٹیشن پہنچے تو عام آدمی پارٹی کے کارکنوں نے پولیس پر سنگباری شروع کردی۔ پولیس نے بھی جواب لاٹھی چارج کردیا۔ اس تصادم میں کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا جبکہ زخمیوں کو ہاسپٹل سے رجوع کردیا گیا۔ ڈی سی پی (نارتھ) مدھور ورما نے بتایا کہ ارکان اسمبلی کی گاڑیوں پر کوئی اسٹیکر نہیں تھے جس کے باعث شناخت نہ ہونے پر روک دیا گیا۔ احتجاجیوں میں شامل بعض غیر سماجی عناصر نے اچانک سنگباری شروع کردی۔ پولیس نے ایف آئی آر میں دیگر افراد کے ساتھ ارکان اسمبلی کے نام بھی درج کرلئے گئے۔ پولیس کمشنر مسٹر بی ایس سبی نے بتایا کہ اس واقعہ کی تحقیقات جاری ہے جس کے بعد ارکان اسمبلی کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔