دہلی میں حکومت کا قیام گورنر کی ذمہ داری : بی جے پی

نئی دہلی 18 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) ان اطلاعات کے دوران کہ بی جے پی دہلی میں نئی حکومت تشکیل دینے کے امکانات پر غور کر رہی ہے سینئر لیڈر جگدیش مکھی نے کہا کہ اب دہلی میں عوامی منتخب حکومت کی تشکیل کو یقینی بنانے کی ذمہ داری لیفٹننٹ گورنر پر ہے ۔ انہیں اس تعلق سے پوری کوشش کرنی چاہئے ۔ مسٹر مکھی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اب کچھ بھی فیصلہ کرنا لیفٹننٹ گورنر کی ذمہ داری ہے ۔ اب ان کی دستوری ذمہ داری ہے کہ وہ حالات کا جائزہ لیں

اور تمام امکانات کو دیکھتے ہوئے دہلی میں ایک عوامی منتخب حکومت قائم کرنے کے تعلق سے کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ جب کبھی گورنر اس تعلق سے کوئی پہل کرینگے اور سیاسی جماعتوں سے مشاورت کرینگے ہم فوری طور پر میڈیا کو اس سے مطلع کرینگے ۔ بی جے پی ذرائع نے کہا کہ مسٹر مکھی بی جے پی میں دہلی چیف منسٹر کے عہدہ کیلئے سب سے آگے ہیں اور پارٹی میں تمام قائدین سے ان کے روابط بہت اچھے ہیں۔ پارٹی چاہتی ہے کہ دہلی میں اسے حکومت بنانے کا موقع فراہم کیا جائے ۔