نئی دہلی ۔ 3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی رکن اسمبلی جتیندر سنگھ شنٹی آج نامعلوم بندوق برداروں کی فائرنگ میں بال بال بچ گئے۔ وہ شاہدارا حلقہ کی نمائندگی کرتے ہیں۔ بندوق برداروں نے مشرقی دہلی کے وویک وہار علاقہ میں آج صبح کی اولین ساعتوں میں رہائش گاہ کے باہر ان پر فائرنگ کردی تھی۔ یہ ڈرامائی واقعہ رکن اسمبلی کی رہائش گاہ کے باہر نصب سی سی ٹی وی کیمرہ میں قید کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ایک شخص شنٹی کے گھر پہنچا اور مسلسل بیل بجانے لگا۔ جب شنٹی باہر آئے تو اس شخص نے جو ہیلمٹ پہنے ہوا تھا کہا کہ وہ بعض دستاویزات کی توثیق کرانا چاہتا ہے۔ جیسے ہی شنٹی نے یہ دستاویزات اس شخص کے پاس سے لئے گئے اور گھر میں جارہے تھے کہ حملہ آور نے ان کا کالر پکڑ کر باہر پھینچ لیا۔ جب شنٹی نے پستول دیکھی تو گھر میں فرار ہونے کی کوشش کی لیکن دروازہ اندر سے آٹو لاکنگ سسٹم کی وجہ سے بند ہوچکا تھا۔ شنٹی نے حملہ آور کو روکنے کی کوشش کی اور ان کی اس سے جھڑپ ہوگئی لیکن حملہ آور 3 تا 4 راونڈ فائر کرنے میں کامیاب رہا۔ تاہم شنٹی اس حملہ میں بچ گئے۔