دہلی میں بیف فیسٹیول منعقد کرنے بی جے پی کا چیلنج

ذبیحہ کیلئے مویشیوں کی فروخت پر پابندی کیخلاف سی پی آئی ایم کا احتجاج
کوچی ۔ 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کیرالا میں حکمراں سی پی آئی ایم پر بیف فیسٹیول کے انعقاد کیلئے اپنی تنقیدوں میں اضافہ کرتے ہوئے ریاستی بی جے پی صدر کے راج شیکھرن نے آج سی پی ایم کو چیلنج کیا کہ بائیں بازو قیادت نئی دہلی میں بیف فیسٹیول منعقد کرکے دکھائیں۔ انہوں نے ذبیحہ کیلئے مویشیوں کی فروخت پر مرکز کے امتناع کے خلاف احتجاج کرنے والی سی پی آئی ایم پر تنقید کی اور کہا کہ میں سیتارام یچوری اور پرکاش کرت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ نئی دہلی میں اے کے جی بھون کے سامنے بیف فیسٹیول منعقد کرنے کی ہمت دکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات صرف کیرالا میں ہوسکتے ہیں۔ راج شیکھرن نے این ڈی اے کی جانب سے منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کیرالا میں بائیں بازو ڈیموکریٹک فرنٹ کی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاج کیا۔ کیرالا کے مختلف حصوں میں بیف فیسٹیول منعقد کیا جارہا ہے۔ یہ فیسٹیول ذبیحہ کیلئے جانوروں کی مارکٹ سے مویشیوں کی خریدوفروخت پر پابندی کے خلاف بطور احتجاج منعقد کیا جارہا ہے۔ بی جے پی لیڈر نے سی پی آئی ایم کے قائدین کو چیلنج کیا کہ اگر ان میں ہمت ہے تو وہ بیف فیسٹیول نئی دہلی میں بھی منعقد کرکے دکھائیں۔ چیف منسٹر کیرالا پنیرائی وجین نے وزیراعظم نریندر مودی کو روانہ کردہ ایک مکتوب میں جانوروں کی فروخت پر امتناع کے خلاف تنقید کی تھی اور کہا تھا کہ مودی حکومت ملک کے سیکولر اقدار کو متاثر کررہی ہے اور لاکھوں عوام کی غذا پر پابندی عائد کررہی ہے۔ اسی دوران کانگریس کے سینئر لیڈر اے کے انٹونی نے یوتھ کانگریس ورکرس کی جانب سے ایک بچھڑے کو برسرعام ذبح کئے جانے کے واقعہ کو بدبختانہ قرار دیا۔ اسی دوران کانگریس زیرقیادت یونائیٹیڈ ڈیموکریٹک فرنٹ نے بی جے پی پر تنقید کی۔