نئی دہلی 30 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) جرائم کے سنسنی خیز واقعات پر مبنی ایک ٹیلی ویژن چیانل کے مقبول عام شو سے متاثر ہوکر دو افراد نے ایک کمسن مجرم کے ساتھ مل کر 17 سالہ طالب علم کو مبینہ طور پر ہلاک کردیا اور اس واقعہ کو اغواء کا معاملہ ظاہر کرنے کی کوشش کے طور پر مقتول لڑکے کے خاندان سے فون پر ربط کرتے ہوئے 20 لاکھ روپئے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔ یہ واقعہ جنوبی دہلی کے مہرؤلی علاقہ میں پیش آیا۔ ایک شخص نے 28 اکٹوبر کو پولیس سے شکایت کی کہ اس کے بیٹے کا اغواء کرلیا گیا ہے۔ شکایت گذار کا بیٹا 12 ویں جماعت میں زیرتعلیم تھا ار ہر ہفتہ کو شنی دھام مندر جایا کرتا تھا۔ معمول کے مطابق وہ 7 بجے شام اپنی اسکوٹر پر مندر روانہ ہوا تھا اور رات 9.30 بجے تک بھی واپس نہیں آیا تھا۔ فون پر رابطہ کی کوششوں کے باوجود یہ فون ربط و رسائی میں نہیں تھا۔ تاہم کچھ دیر بعد جب رابطہ کیا تو بیٹے کا فون کسی دوسرے شخص نے موصول کیا اور بتایا کہ اس کے بیٹے کا اغواء کرلیا گیا ہے اور رقم تاوان ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فٹیج سے لڑکے اور اُس کا پیچھا کرنے والے تین افراد کا پتہ چلایا جن میں ایک کمسن مجرم بھی شامل تھا۔ مہلوک لڑکے کے دوست نے ملزمین 20 سالہ نوین سنگھ، 23 سالہ آکاش چودھری اور ایک کمسن مجرم کی شناخت کی۔ دوران تفتیش یہ سنسنی خیز انکشاف ہوا کہ نوین سنگھ بھی مہلوک لڑکے کی ہم جماعت لڑکی سے یکطرفہ عشق کرتا تھا اور مہلوک لڑکا اس لڑکی سے گپ شپ کیا کرتا تھا جس پر نوین سنگھ برہم تھا اور اُس نے مشہور و مقبول کرائم شو سے متاثر ہوکر اس لڑکے کو ہلاک کرنے کا سازشی منصوبہ بنایا تھا۔ جس کے مطابق مندر سے واپسی کے دوران لڑکے کو روک کر اس کے ساتھ گھومنے کا بہانہ بنایا۔ آکاش چودھری اس کی اسکوٹر پر بیٹھ گیا جبکہ نوین سنگھ اور کمسن مجرم دوسری گاڑی پر اس کا پیچھا کررہے تھے۔ متل گارڈن کے قریب جنگلاتی علاقہ میں لڑکے کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا گیا۔ بعدازاں آکاش چودھری نے شبہ کو ٹالنے کیلئے لڑکے کی تلاش میں مصروف ارکان خاندان کی مدد بھی کیا تھا۔