دہلی میں اروند کجریوال کی کارکردگی قابل ستائش: مسزسدھو

امرتسر۔/7فبروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) مقامی بی جے پی ایم ایل اے اور بادل حکومت میں چیف پارلیمانی سکریٹری ڈاکٹر نوجوت کور سدھو نے عام آدمی پارٹی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ وہ خودکو کسی بھی پارٹی کیلئے مناسب امیدوار تصور کرتی ہیں جن میں عام آدمی پارٹی بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کی حکومت دہلی میں اچھی کارکردگی انجام دے رہی ہے اور دہلی چیف منسٹر اروندکجریوال جس طرح اپنی ذمہ داری نبھارہے ہیں، اس کے لئے ہرکسی کو ان کی ستائش کرنا چاہیئے۔ اپنی رہائش گاہ پر میڈیا کے چنندہ ارکان سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کے شوہر سابق کرکٹر اور مقامی ایم پی نوجوت سنگھ سدھو نے ابھی یہ فیصلہ نہیں کیا ہے کہ آیا وہ لوک سبھا انتخابات لڑیں گے یا نہیں؟ یاد رہے کہ نوجوت کور نے پنجاب میں خود اپنی شرومنی اکالی دل۔ بی جے پی حکومت کے خلاف علم بغاوت بلند کررکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ خود اپنی حکومت کے اس فیصلہ کی مخالف ہیں جہاں سگریٹس کی فروخت پر VAT میں کٹوتی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک بڑا اہم معاملہ ہے۔ متعدد این جی اوز اور کینسر بیداری کیلئے کام کرنے والی سوسائٹیوں نے ان سے ربط پیدا کیا تھا اور یہی نہیں بلکہ حکومت کے اس فیصلہ کے خلاف یہ لوگ ایک زبردست احتجاج منظم کرنے کا منصوبہ بناچکے ہیں۔ کینسر کے مریضوں میں اضافہ ہورہا ہے۔ ریاست میں منشیات بھی ایک دورد سر بنی ہوئی ہے جہاں نوجوان اس کے عادی ہوتے جارہے ہیں لہذا سگریٹس کی فروخت پر حکومت نے VAT میں کمی کیونکر کی یہ بات ناقابل فہم ہے۔