نئی دہلی ۔ 16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہری شنکر برہما جنہوں نے 19 ویں چیف الیکشن کمشنر کی حیثیت سے اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا۔ آج کہا کہ فی الحال ان کی اولین ترجیحی اور کلیدی مقصد دہلی اسمبلی انتخابات کے آزادانہ و غیرجانبدارانہ انعقاد کو یقینی بنانا ہے۔ مسٹر برہما نے نرواچن سدن میں اپنی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’میری اولین ترجیح اور کلیدی مقصد دہلی اسمبلی انتخابات کے انعقاد کو آزاد و غیرجانبدار بنانا ہے کیونکہ دنیا دیکھ رہی ہے کہ ہم کیا کررہے ہیں‘‘۔ مسٹر برہما جنہوں نے گذشتہ روز سبکدوش چیف الیکشن کمشنر وی ایس سمپت سے جائزہ حاصل کیا، کہا کہ ان کا طویل مدتی منصوبہ کارکردگی کو بہتر سے بہترین بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے الفاظ میں میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ہماری کارکردگی کے ہر پہلو میں ہمیں اپنے کام کے ہر شعبہ میں بہترین مظاہرہ کرنا چاہئے‘‘۔
چیف الیکشن کمشنر نے اپنی دیگر ترجیحات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی انتظامیہ کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے تازہ ترین ٹیکنالوجی کا استعمال میری شخصی کوشش و دلچسپی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ احکام کی روشنی میں غیرمقیم ہندوستانی (این آر آئی) ووٹرس کو رائے دہی کے حقوق دلانے کیلئے الیکشن کمیشن تمام تر تیاری کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ 25 جنوری کو رائے دہندوں کے قومی دن کے مقع پر الیکشن کمیشن کی جانب سے قومی سطح پر الیکٹرانک رول مینجمنٹ سسٹم (ای آر ایم ایس) کا آغاز کیا جائے گا جس سے رائے دہندوں کو اپنی تفصیلات دیکھنے کا موقع ملے گا۔ آسام سے تعلق رکھنے والے ہری شنکر برہما آندھراپردیش کیڈرس 1975 بیاچ کے آئی اے ایس افسر ہیں۔ الیکشن کمشنر کی حیثیت سے ان کی میعاد بمشکل تین ماہ رہے گی اور 19 اپریل کو وہ اپنی عمر کے 64 سال کی تکمیل پر سبکدوش ہوجائیں گے۔ تین کے منجملہ ایک کمشنر کی حیثیت سے وہ 25 اگست 2010ء میں وہ الیکشن کمیشن میں شامل ہوئے تھے۔ جے ایم لنگڈوہ کے بعد برہما وہ دوسرے الیکشن کمشنر ہیں، جن کا تعلق شمال مشرقی ریاست سے ہے۔ حکومت ہند تین رکنی الیکشن کمیشن میں مخلوعہ ہونے والی الیکشن کمشنر کی نشست کو پر کرنے کا عمل شروع کررہی ہے۔