دہشت گرد گروپس نے اسلام کا اغواء کرلیا ، سکریٹری جنرل او آئی سی

جدہ ۔ 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) انتہاء پسند تنظیموں اور گروپس نے اسلام کا اغواء کرلیا اور دوسروں کو اس بارے میں کہنے کے حق سے محروم کردیا ہے۔ تنظیم اسلامی کانفرنس کے سکریٹری جنرل ایاد امین مدنی نے حالیہ عرب چوٹی اجلاس کے 25 ویں سیشن سے افتتاحی خطاب کے دوران یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ایک ایسا مذہب ہے جو انصاف، مساوات اور بقائے باہم کی تعلیم دیتا ہے۔ اس کے برعکس دہشت گرد گروپس اسلام کی جس طرح ترجمانی کررہے ہیں وہ بالکلیہ غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی کاز، مسجد اقصیٰ اور القدس کے ساتھ عرب ممالک پر مشتمل لیگ اور او آئی سی کا تعلق ہمیشہ سے وابستہ رہا ہے اور یہ ہمارے لئے نمایاں اہمیت کے حامل رہے ہیں۔

جدہ میں انڈین فوڈ فیسٹیول حیدرآبادی ڈشیس بھی شامل
جدہ ۔ 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی قونصل خانہ میں 3 تا 5 اپریل انڈین فوڈ فیسٹیول کا انعقاد عمل میں آرہا ہے جس میں جدہ میں واقع 18 ہندوستانی ریسٹورنٹس، اسنیکس اور مٹھائی تیار کرنے والے ہمہ اقسام کی ڈشیس بشمول حیدرآبادی اور مغلائی پکوان پیش کریں گے۔ اس فوڈ فیسٹیول کی خصوصیت حیدرآبادی بریانی، حلیم، کباب اور نان کے علاوہ جنوبی ہند کی مختلف ڈشیس جیسے اڈلی، سانبر، دوسہ اور دیگر مٹھائیاں و آئسکریم ہوگی۔