دہشت گرد حملے کے بعد سری لنکا میں کرکٹ متاثر

کولمبو ، ویلنگٹن۔24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکا میں بھی دہشتگردی سے کرکٹ متاثر ہونے لگی ہے جیسا کہ آسٹریلیائی ویمنز ڈیولپمنٹ ٹیم دھماکوں کے بعد وطن واپس لوٹ گئی جب کہ نیوزی لینڈ نے ورلڈ کپ کے بعد مجوزہ دورہ کے حوالے سے سوچ بچار شروع کردی۔ سری لنکا میں اتوار کو دہشت گرد حملے اور سینکڑوں افراد کی ہلاکت سے کرکٹ سرگرمیاں بھی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، آسٹریلیائی اسٹیٹ وکٹوریہ کی ویمنز ڈیولپمنٹ ٹیم دورہ ادھوراچھوڑکر وطن واپس پہنچ چکی ہے۔ جس وقت دھماکے ہوئے تب یہ 14 رکنی اسکواڈ پریماداسا انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں موجود تھا تاہم واقعے کے بعد انھوں نے فوری طور پر ملک چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔دوسری جانب اس خوفناک واقعے کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم نے سری لنکا کے مجوزہ دورہ پر غور شروع کردیا ہے، یہ دورہ ورلڈ کپ کے بعد اگست میں مقرر ہے۔ فی الحال نیوزی لینڈ گورننگ باڈی اس بارے میں کوئی بھی حتمی فیصلہ نہیںکر پا رہی ہے ، کسی بھی نتیجے پر پہنچنے سے قبل میزبان ملک کی سیکیورٹی صورتحال کا مکمل جائزہ لیا جائے گا جبکہ دورہ کو کچھ عرصے کیلیے ملتوی بھی کیا جاسکتا ہے۔کیوی ٹیم کو اس دورے میں سری لنکا سے 2 ٹسٹ اور3 ٹوئنٹی 20 میچز کھیلنے ہیں۔ کچھ عرصہ قبل نیوزی لینڈ میںکرائسٹ چرچ کی مسجد میں دہشت گرد حملے کے بعد وہاں پر موجود بنگلہ دیشی ٹیم بھی دورہ ادھورا چھوڑکر وطن واپس لوٹ گئی تھی، جس کے جواب میں کیوی بورڈ نے اپنی انڈر 19 ٹیم کا دورئہ بنگلہ دیش ملتوی کردیا تھا۔یاد رہے کہ اتوار کو سری لنکا میں سلسلہ بم دھماکے ہوئے ہیں جن میں 300 سے زیادہ افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوئے ہیں جس کے بعد کئی ایک بیرونی ٹیمیں دورہ سری لنکا پر نظر ثانی کررہے ہیں۔