دہشت گردی کے صفائے کے بعد ہی غربت کا خاتمہ

انتخابات میں قومی سلامتی کا موضوع اُٹھانے پر اپوزیشن کی تنقیدیں غیر ضروری ، وزیراعظم کا خطاب
دربھنگہ 25 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے اپوزیشن پر تنقید کی کہ وہ لوک سبھا انتخابات کی مہم کے دوران قومی سلامتی کے مسئلہ کو اُٹھانے پر غیر ضروری تنقید کررہی ہے۔ دراصل دہشت گردی کے خاتمہ سے ہی ملک میں غربت کو دور کیا جاسکتا ہے۔ وزیراعظم نے قومی سلامتی کے مسئلہ کو سب سے اہم قرار دیا کیوں کہ ہمیں داخلی سلامتی پر اربوں روپئے خرچ کرنے پڑرہے ہیں۔ اگر یہ روپئے دہشت گردی سے نمٹنے پر خرچ کرنے کے بجائے قومی ترقی پر لگایا جائے تو غربت کا خاتمہ ہوجائے گا اور خوشحالی آئے گی۔ سرحدوں کی حفاظت کے لئے یا دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں جو روپیہ خرچ کیا جارہا ہے اُسے قومی ترقی پر لگایا جائے تو غربت دور ہوجائے گی۔ وزیراعظم نے کانگریس کے اس دعوے کو مسترد کردیا کہ اِس کی حکمرانی والی ریاستوں میں اِس نے کسانوں کے قرضے معاف کئے ہیں اور ملک بھر میں بھی اِسی طرح کے قرضے معاف کئے جائیں گے۔ اُنھوں نے الزام عائد کیاکہ کانگریس کی حکومتوں میں دلتوں اور آدی واسیوں کو کوئی راحت نہیں ملی۔ اپوزیشن کا کہنا ہے کہ آخر مودی لوک سبھا انتخابات کی مہم میں دہشت گردی کے مسئلہ کو اہمیت کیوں دے رہے ہیں۔ مودی نے کہاکہ رائے دہندے سمجھتے ہیں کہ قومی سلامتی کی اہمیت کیا ہے اور دہشت گردی اِس وقت سب سے اہم مسئلہ ہے لیکن خود غرض خاندانی حکمرانی والی پارٹی اِس سادہ سی حقیقت کو سمجھنے سے قاصر ہے۔ بہار کے شمالی ٹاؤن میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے کہاکہ ہمارے پڑوس میں چلائے جانے والے دہشت گرد کیمپوں کی وجہ سے اس ہفتہ سری لنکا میں دہشت گرد حملے کئے گئے جس میں 350 جانیں ضائع ہوگئیں۔ اِس واقعہ کے باوجود بھی اپوزیشن پارٹی اِسے مسئلہ تصور نہیں کرتی تو افسوس کی بات ہے۔ وزیراعظم مودی کے یہ ریمارک اُس وقت سامنے آئے جب اِن پر الزام ہے کہ وہ دہشت گردی کے واقعات میں ہلاک معصوم انسانوں کی نعشوں پر سیاست کررہے ہیں۔ مودی نے کہاکہ میرے ملک کے غریب عوام جانتے ہیں کہ دہشت گردی کی بھاری قیمت کیا ہوتی ہے۔ قبل ازیں اِس طرح کے سخت ترین سکیورٹی انتظامات نہیںکئے جاتے تھے۔ صرف وی آئی پیز کے لئے سکیورٹی انتظامات ہوتے تھے لیکن میری حکومت نے عام آدمی کی سکیورٹی کے لئے کوئی کسر باقی نہیں رکھی۔