دہشت گردی کیخلاف لڑائی میں کشمیری عوام حکومت کا ساتھ دیں : جیٹلی

نئی دہلی۔ 27 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیر فینانس ارون جیٹلی نے آج کہا کہ کشمیر کے عوام کو دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں حکومت کا ساتھ دینا چاہئے، نہ کہ علیحدگی پسندوں کا۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں سمجھتا ہوں کہ ہم سب کیلئے یہ نہایت ضروری ہے کہ اس لڑائی میں کشمیری عوام ہمارے ساتھ ہوں۔ یہ اقتدار اعلیٰ کیلئے ایک لڑائی ہے۔ یہ علیحدگی پسندوں اور دہشت گردوں کے خلاف لڑائی ہے اور اس کی کلید بھی عوام کے پاس ہے‘‘۔ انہوں نے یہاں پہلا اٹل بہاری واجپائی میموریل لیکچر دیتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ایک ایسے وقت جب ملک سرحد پر کشیدہ حالات سے نبرد آزما ہے۔ چند مقامی لوگ حالات کو کشیدہ کرنے والوں کے ساتھ مل گئے ہیں، اس سے کشمیری عوام ہی شدید متاثر ہیں۔