دہشت گردی سے پاک ماحول کی ضرورت نریندر مودی کا نواز شریف کو پیغام

نئی دہلی 23 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )جموں میں دو سلسلہ وار حملوں کے پس منظر میں وزیر اعظم نریندر مودی نے آج وزیر اعظم پاکستان نواز شریف سے کہا کہ دہشت گردی اور تشدد سے پاک ماحول کی ضرورت ہے تا کہ دیرینہ مسائل کی باہمی بات چیت کے ذریعہ یکسوئی کی جاسکے ۔ انہو ںنے وزیر اعظم نواز شریف کو پاکستان کے قومی دن مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے مکتوب میں اس پیغام کی اہمیت پر زور دیا ۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹر پر تحریر کیا کہ وہ وزیر اعظم پاکستان نواز شریف کو پاکستان کے قومی دن کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے مکتوب روانہ کرچکے ہیں۔ ایک اور ٹوئٹر میں انہوں نے کہا کہ یہ اُن کا پختہ عہد ہے کہ تمام دیرینہ مسائل کی یکسوئی باہمی مذاکرات کے ذریعہ دہشت گردی اور تشدد سے پاک ماحول میں ممکن ہے ۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ جموں و کشمیر میں گذشتہ دنوں دو حملے کئے گئے جو کٹھوا اور سامبا سیکٹرس میں کئے گئے تھے ۔ ہندوستان حال ہی میں اپنے معتمد خارجہ ایس جئے شنکر کو معتمد خارجہ پاکستان اور دیگر سیاسی قائدین سے ملاقات کیلئے روانہ کرچکا ہے ۔