دھوکہ دہی کا مقدمہ ، بی ایم ڈبلیو کے ایکزیکٹیو کی ضمانت پر رہائی

حیدرآباد ۔ 26 ۔ جولائی : ( پی ٹی آئی ) : شہر کی ایک مقامی عدالت نے موٹر کار بنانے والی جرمنی کی باوقار کمپنی بی ایم ڈبلیو کی فینانشیل سرویسیس کے مینجنگ ڈائرکٹر اسٹیفن شلپف کی ضمانتb منظور کرلی ۔ جنہیں 2010 کے دوران جرمن کار کمپنی کے خلاف دائر کردہ ایک شکایت کے ضمن میں گرفتار کیا گیا تھا ۔ بی ایم ڈبلیو نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ ڈاکٹر ساٹیفن شلپف کو ڈیلٹا کارس کی طرف سے دائر کردہ ایک شکایت پر حیدرآباد پولیس نے گرفتار کیا تھا ۔ انہیں ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے ۔ دنیا کی ایک انتہائی معتبر کار کمپنی کی حیثیت سے بی ایم ڈبلیو گروپ تمام رہنمایانہ خطوط اور قواعد کی سختی سے پابندی کیا کرتی ہے ۔ بی ایم ڈبلیو گروپ انڈیا یا اس کے کسی بھی ڈائرکٹر نے کوئی غلطی نہیں کی ہے اور کمپنی قانونی کارروائی کررہی ہے ‘ ۔ ڈیلٹا کارس پرائیوٹ لمٹیڈ ، جون 2007 تا دسمبر 2009 حیدرآباد میں بی ایم ڈبلیو کی ڈیلر تھی اور ڈیلر شپ کے معاہدہ میں تجدید کی کوئی شرائط نہ ہونے کے سبب 31 دسمبر 2009 کو معاہدہ ختم ہوگیا تھا ۔ جس کے بعد ڈیلٹا کارس نے 2010 بی ایم ڈبلیو انڈیا پرائیوٹ لمٹیڈ کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا ۔ عدالتی ریمانڈ رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر اسٹیفن شلپف کو گڑگاوں میں جمعرات کو گرفتار کیا گیا تھا اور منتقلی کے وارنٹ پر گذشتہ روز یہاں لایا گیا تھا ۔۔