دھوکہ دہی پر چار افراد کے خلاف مقدمات

حیدرآباد ۔ یکم / اگست (سیاست نیوز) ایل بی نگر پولیس نے 4 افر اد کے خلاف دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کیا ہے جنہوں نے خود کو ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ سے اثر و رسوخ ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے ملازمتیں فراہم کرنے کے بہانے 26 لاکھ روپئے ہڑپ لئے تھے ۔ انسپکٹر ایل بی نگر مسٹر کاسی ریڈی کے بموجب انہیں ایل بی نگر کورٹ سے ہدایت حاصل ہوئی ہے جس میں نیہا خاں ، سلمہ سلطانہ ، محمد فراز خاں اور محمد امان خاں کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے ان کے خلاف تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ درخواست میں بتایا گیا ہے کہ /23 اگست 2017 ء کو مذکورہ افراد نے داسری سنکمہ اور اس کی بہن منجولا سے ان کے چار بچوں کو سرکاری ملازمتیں فراہم کرنے کے بہانے 26 لاکھ روپئے حاصل کرلئے اور ملازمتیں فراہم کرنے سے قاصر رہے ۔ پولیس نے بتایا کہ اس کیس کے ملزمین نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ ان کا ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر محمود علی سے اثر و رسوخ ہے اور وہ ملازمتیں فراہم کرنے میں مدد کرسکتے ہیں ۔