دھوکہ باز بدنام زمانہ ٹولی گرفتار

حیدرآباد /24 ستمبر ( سیاست نیوز ) توجہ ہٹاکر عوام کو ٹھگنے والی دھوکہ باز و بدنام زمانہ رامجی نگر ٹولی کے تین ارکان کو عابڈس پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس عابڈس مسٹر راگھاویندر ریڈی نے بتایا کہ عابڈس پولیس کے کرائم عملہ نے ٹاملناڈو سے تعلق رکھنے والے ایس پرتھوی راج ، جی ناگرجن اور پی سائی کمار کو گرفتار کرلیا جو رامجی نگر کے ارکان ہے اور شہر حیدرآباد میں شاپنگ کامپلکس اور دیگر عوامی مقامات پر عوام کی توجہ ہٹاکر ان کی قیمتی اشیاء کا سرقہ کیا کرتے تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ ٹولی کے ارکان مختلف قسم کے حربے اپناتے ہوئے معصوم عوام کو ٹھگ لیاکرتے تھے ۔ مسٹر راگھویندر ریڈی نے بتایا کہ 23 جون کو لٹل فلاور اسکول عابڈس کے قریب توجہ ہٹاکر ایک شخص کے کار سے تین لاکھ روپئے کا سرقہ کیا تھا جبکہ نارائن گوڑہ ، مہانکالی اور پنجہ گٹہ علاقوں میں اسی قسم کی وارداتیں انجام دی ۔ پولیس نے گرفتار افراد کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل منتقل کردیا۔