لندن ۔ 25 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان منگل کو منعقدہ شاندار سیمی فائنل کے بعد کرکٹ کے شائقین کی نگاہیں اب سڈنی کی جانب مرکوز ہیں جہاں جمعرات کو دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چمپئن ہندوستان اور میزبان آسٹریلیا کے درمیان مقابلہ ہے۔ کرکٹ کے ماہرین نے بھی اپنی اپنی پسند کی ٹیمیں منتخب کر لی ہیں۔ جہاں انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے ہندوستان کو فیورٹ قرار دیا ہے، وہیں سابق آسٹریلیائی فاسٹ بولر بریٹ لی کا خیال ہے کہ میزبان آسٹریلیا، ہندوستان کو چت کر دے گا۔ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والے میچ میںہندوستانی ٹیم کے مداحوں نے بڑی تعداد میں ٹکٹ خریدے ہیں۔ ہندوستان نے گزشتہ ورلڈ کپ میں مہندر سنگھ دھونی کی کپتانی میں فتح حاصل کی تھی۔ مائیکل وان کا خیال ہے کہ مہندر سنگھ دھونی کی عمدہ کپتانی ہندوستان کو اس اہم میچ میں فتح سے ہمکنار کر سکتی ہے۔ وان کے مطابق آسٹریلیا میں ٹسٹ اور سہ رخی ون ڈے سیریز میں شکست کے بعد بھی ہندوستانی ٹیم نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے
اور اس کا سہرا کپتان دھونی کو جاتا ہے۔ وان نے کہا: ’دھونی کو ورلڈ کپ جیتنا آتا ہے اور وہ پہلے بھی یہ کام کر چکے ہیں۔ سہ رخی سیریز کے ختم ہوتے ہی انھوں نے ٹیم کی فکر اور کھلاڑیوں میں تبدیلی رونما کی۔‘ اس میچ کے سڈنی میں ہونے کو مائیکل وان ہندوستان کے لئے مفید تسلیم کرتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں: ’ہندوستان کو آسٹریلیا میں کسی بھی جگہ کھیلنے کا اختیار ملتا تو وہ سڈنی کی پچ کو ہی منتخب کرتے کیونکہ یہاں گیند اسپن بھی ہوتی ہے۔‘ لیکن بریٹ لی آسٹریلیا کو ہی جیت کا دعویدار تسلیم کرتے ہیں۔ ان کے مطابق آسٹریلیائی ٹیم کے پاس ہر وہ ہتھیار ہے جس کے استعمال سے وہ اس میچ کو جیت سکتی ہے۔ لی نے کہا: ’وارنر اور فنچ کے بعد اسٹیون اسمتھ، مائیکل کلارک اور شین واٹسن۔ میرے خیال میں یہ بہت متوازن بیٹنگ ہے جس کی وجہ سے فاسٹ بولروں کو کھل کر گیند پھینکنے کی آزادی ملتی ہے‘۔
آسٹریلیا کی بیٹنگ بہت متوازن: بریٹ لی
اگرچہ بریٹ لی نے اس بات کو تسلیم کیا کہ ورلڈ کپ میںہندوستان کے فاسٹ بولروں نے اپنی کارکردگی سے سب کو حیران کر دیا ہے۔ انھوں نے کہا: سمیع، اومیش یادو اور موہت شرما نے زبردست بالنگ کی ہے، بطور خاص محمد سمیع نے۔ میں نے خود سمیع کے ساتھ کچھ سال کرکٹ کھیلی ہے۔ وہ بہت محنتی ہیں۔‘ سڈنی میں ہونے والا یہ ڈے اینڈ نائٹ میچ جمعرات کوہندوستانی وقت کے مطابق صبح نو بجے شروع ہو گا۔