ویلنگٹن ۔ 18 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ٹیم کو نیوزی لینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز میں بھلے ہی شکست ہوئی ہے لیکن ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے دلیرانہ انداز میں کہا کہ ٹیم کے مظاہرے ٹسٹ مقابلوں میں اطمینان بخش رہے۔ ہندوستان کیلئے نیوزی لینڈ کا دورہ انتہائی مایوس کن رہا جیسا کہ وہ ایک طویل دورہ پر ایک بھی کامیابی حاصل نہیں کرپائی۔ جیسا کہ 5 مقابلوں کی ونڈے سیریز میں 0-4 اور دو مقابلوں کی ٹسٹ سیریز میں 0-1 کی شکست ہوئی ہے لیکن سیریز کے اختتام کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے دھونی نے کہا کہ ٹیم کے مظاہرے اطمینان بخش ہیں کیونکہ جنوبی افریقہ کے خلاف منعقدہ سیریز کے بعد نیوزی لینڈ کے خلاف ہم نے بہتر مظاہرہ کیا ہے۔ دھونی کے بموجب ٹسٹ سیریز میں ہندوستانی بولروں اور بیٹسمینوں نے بہتر مظاہرہ کیا ہے جیسا کہ دوسرے ٹسٹ کی پہلی اننگز میں میزبان ٹیم کو 192 رنز پر ڈھیر کرنے کے بعد بیٹنگ میں بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے 246 رنز کی سبقت حاصل کی۔ دھونی نے مزید کہا کہ پہلے ٹسٹ کی دوسری اننگز سے لیکر دوسرے ٹسٹ کے اختتام تک ٹیم نے بہتر مظاہرہ کیا ہے۔ تاہم مکالم کی یادگار اننگز میں ٹیم کو کامیابی سے دور رکھا۔
برنڈن ٹیلر کی شادی میں آئی پی ایل حائل
ہرارے ۔ 18 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) زمبابوے کرکٹ ٹیم کے کپتان برنڈن ٹیلر کی شادی میں آئی پی ایل حائل ہوگئی۔ انہوں نے لیگ کیلئے فرنچائز ٹیم کی ممکنہ عدم دلچسپی کے پیش نظر کیلی این ریڈ نگس کے ساتھ اپنی شادی کیلئے 29 اپریل کی تاریخ مقرر کی تھی تاہم انہیں حیدر آباد سن رائزرس نے 30 لاکھ روپے میں خرید لیا ہے اور اس طرح توقع کے برعکس انہیں آئی پی ایل میں کھیلنے کا موقع مل رہا ہے۔