میرپور ۔17 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی جوکہ گزشتہ 4 برسوں سے اسپین شعبہ میں روی چندرن اشون اور رویندر جڈیجہ پر انحصار کررہے ہیں اور وہ مطمئن ہیں کہ ٹاملناڈو اور سوراشٹرا سے تعلق رکھنے والے اسپنرس نے ان کیلئے اطمینان بخش مظاہرے کئے ہیں اور اُمید ہے کہ کل بنگلہ دیش کے خلاف شروع ہونے والی ونڈے سیریز میں بھی اسپنرس کی یہ جوڑی ٹیم کیلئے اہم مظاہرے کرے گی ۔ دھونی نے اشون کے متعلق اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ اشون نے اپنے مظاہروں میں بہتری دکھائی ہے جوکہ ٹیم کے لئے ایک اہم بات ہے ۔ خصوصی طورپر ٹسٹ کرکٹ میں ان کے مظاہروں میں بہتری دیکھی گئی ہے کیونکہ طویل طرز کی کرکٹ مختلف حالات میں کھیلی جاتی ہے ۔ انھوں نے مزید کہا کہ اشون مقابلے میں حالات کے اعتبار سے سوچتے ہوئے اپنی بولنگ میں تبدیلی کررہے ہیں جوکہ ان کی کامیابی کا ایک اہم راز ہے ۔ جڈیجہ کے متعلق دھونی نے کہاکہ کاندھے کے زخم سے صحتیابی اور واپسی کے بعد بائیں ہاتھ کے اسپنر میں اعتماد بحال ہورہا ہے جیسا کہ جڈیجہ نے آئی پی ایل میں اطمینان بخش مظاہرہ کیا ہے ۔ دھونی نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ جڈیجہ نے ورلڈ کپ میں بھی ٹیم کیلئے بہتر مظاہرہ کیا ہے اور خاص طورپر جب کھلاڑی کاندھے کے زخم سے صحتیاب ہوکر واپس آتا ہے تو اس کیلئے بولنگ میں اپنے بازو کو زیادہ جھکانے کیلئے دقت کو محسوس کرنا پڑتا ہے ۔ دھونی کے بموجب وہ سمجھتے ہیں کہ جڈیجہ مسلسل اپنے اعتماد میں اضافہ دیکھ رہے ہیں اور اُمید ہے کہ وہ اسی اعتماد کی بدولت بنگلہ دیش کے خلاف اس سیریز میں بہتر مظاہرہ کریں گے ۔ اُمید کی جارہی ہے کہ کل کھیلے جانے والے مقابلے میں دونوں ہی اسپنرس ایکشن میں ہوں گے ۔