دھونی ونڈے میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے کھلاڑی

آسٹریلیا کیخلاف میچ میں سچن تنڈولکر اور روہت شرما کا ریکارڈ توڑ دیا

حیدرآباد ۔3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)مہیندر سنگھ دھونی ونڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکا لگانے والے ہندوستانی بلے باز بن گئے ہیں۔ دھونی نے حیدرآباد میں روہت شرما کا ریکارڈ توڑ دیا۔ ہندوستان کیلئے کھیلتے ہوئے دھونی نے اب تک 216 چھکے لگائے ہیں۔ ویسے دھونی کے نام ون ڈے کرکٹ میں کل 223 چھکے ہیں۔ انہوں نے ایشیا الیون کیلئے کھیلتے ہوئے باقی کے سات چھکے لگائے ہیں۔ پاکستان کے شاہد آفریدی کے نام سب سے زیادہ 351 چھکے لگانے کا ریکارڈ ہے۔ہندوستان کیلئے ون ڈے میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے دوسرے نمبر پر سلامی بلے باز روہت شرما ہیں۔ انہوں نے اب تک 202 میچوں میں 215 چھکے لگائے ہیں۔ ویسے ایک اننگز میں سب سے زیادہ 16 چھکے لگانے کا ریکارڈ بھی روہت شرما کے نام ہے۔اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ماسٹر بلاسٹر سچن تیندولکر ہیں۔ سچن تیندولکر نے 463 میچوں میں 195 چھکے لگائے تھے۔ تاہم چوکا لگانے کے معاملہ میں سچن تیندولکر دھونی اور روہت شرما سے کوسوں دور آگے ہیں۔ انہوں نے ون ڈے میں 2016 چوکے لگائے ہیں۔