دھونی جیسا پرسکون کپتان ہوں:روہت

دبئی۔29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایشیا کپ کے لئے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے ٹرافی حاصل کرنے کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا وہ مشکل وقت میں بھی سابق کپتان دھونی کی طرح پرسکون رہتے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک طویل عرصہ دھونی کی قیادت میں کھیلنے سے انہیں یہ تجربہ حاصل ہواہے ۔ دھونی اس وقت بھلے ہی ٹیم کے کپتان نہیں ہیں لیکن وہ کپتان کو مشورہ دینے کیلئے ہر وقت موجود رہتے ہیں۔ روہت نے بنگلہ دیش کے خلاف دلچسپ فائنل میں کامیابی کے ساتھ ساتویں مرتبہ ایشیا کپ خطاب جیتنے پر اپنی ٹیم کی تعریف کی ہے اور کہا کہ پورے ٹورنمنٹ میں کھلاڑیوں کی محنت سے ہی یہ ٹرافی حاصل ہوئی ہے ۔روہت نے فائنل جیتنے کے بعد اپنی ٹیم کی تعریف کی اور کہا کہ ہر شعبہ میں ٹیم کی کارکردگی اچھی تھی۔ ہمارے اسپنروں نے گزشتہ چھ سے آٹھ ماہ میں مسلسل اچھا کھیل دکھایا ہے ۔ اس وکٹ پرفاسٹ بولروں کے لیے بھی کچھ انہیں تھا لیکن ان کے پاس ذہانت تھی جس کا انہوں نے بہتر استعمال کیا۔