بنگلورو۔ 28 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) دھماکہ خیز اوپنر ڈیوڈ وارنر (124)کی اپنے 100 ویں ونڈے انٹرنیشنل میچ میں سنچری اور اُن کی آرن فنچ (94) کے ساتھ اوپننگ وکٹ کے لئے 231 رن کی زبردست شراکت کی بدولت آسٹریلیا نے ہندستان کے خلاف چوتھے ونڈے میں جمعرات کو 5 وکٹ کے نقصان پر334 رنز کا ہمالیائی اسکور بنا دیا۔ وارنر نے اس طرح اس میچ میں وہ منفرد سنگ میل قائم کیا جو اس سے پہلے کسی آسٹریلیائی کھلاڑی نے نہیں بنایا تھا۔ انہوں نے اپنی 100ویں او ڈی آئی میں سنچری اسکور کی ۔ وارنر یہ کامیابی حاصل کرنے والے آسٹریلیا کے پہلے اور دنیا کے آٹھویں بیٹسمن بن گئے ۔ وارنر کے کیریئر کی یہ 14 ویں سنچری تھی۔ 30سالہ وارنر نے 119گیندوں میں 124 رنز کی اننگز میں 12 چوکے اور چار چھکے لگائے ۔ انہوں نے 35 اوورز میں پہلے وکٹ کیلئے فنچ کے ساتھ 231 رنز کی شراکت کی ۔فنچ بدقسمتی سے صرف چھ رنز سے اپنی مسلسل دوسری سنچری بنانے سے چوک گئے ۔ ان کے 96 رن میں 94گیندوں کے ساتھ اننگز میں 10 چوکے اور تین چھکے لگائے ۔یہ دہری سنچری شراکت نے آسٹریلیا کے لئے مضبوط ا سکور کی بنیاد رکھی۔ ہندستان کے لئے اس میچ میں فارم میں چل رہے تیز گیند بازوں بھونیشور کمار اور جسپریت بومرا اور وارنر کے لئے سر درد بن چکے چائنامین بولر کلدیپ یادو کو آرام دینا بھاری پڑا۔ان کی جگہ لائے گئے دونوں فاسٹ بولر محمد سمیع اور اومیش یادو اور لیفٹ آرم اسپنر اکشر پٹیل مہنگے ثابت ہوئے۔ اومیش نے 71رن پر چار وکٹ تو لئے لیکن سمیع 62 اور پٹیل 66 رنز دے کر کوئی وکٹ حاصل نہیں کر پائے ۔دونوں وارنر اور فنچ شاندار بلے بازی کی اور ہندستان کے تیز اور اسپن دونوں گیند بازوں کی جم کر پٹائی کی ۔ کلدیپ کے باہر بٹھائے جانے سے لیگ اسپنر یجویندر چہل کی تال بھی گمراہ ہو گئی اور وہ آٹھ اوور میں 54 رن دے کر کوئی وکٹ نہیں لے پائے ۔پارٹ ٹائم آف اسپنر کیدار جادھو نے سات اوور میں 38 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کیا ۔ ہندوستان کو پہلی کامیابی جادھو نے دلائی جب انہوں نے وارنر کو پٹیل کے ہاتھوں کیچ کرادیا ۔ اس کے بعد اومیش اگلے ہی اوور میں فنچ کو سنچری بنانے سے محروم کردیا ۔ اومیش نے آسٹریلیا کے کپتان اسٹیون اسمتھ بھی پویلین کا راستہ دکھایا۔اسمتھ نے صرف تین رنز بنائے۔ ہندوستان نے پانچ رنز کے وقفے میں وارنر، فنچ اور اسمتھ کے وکٹ حاصل کئے۔ اس وقت لگ رہا تھا کہ میزبان ٹیم ، آسٹریلیا کو 300 کے قریب روک لے گی لیکن ٹراویس ہیڈ (29) اور پیٹر ھیڈاسکمب (43)نے چوتھے وکٹ کے لئے 63 رن جوڑ ڈالے ۔ امیش نے اجنکیا رہانے کے ہاتھوں ہیڈ کو کیچ کر اکر اس شراکت کو توڑا ۔ ہیڈ نے 38 گیندوں میں اپنی اننگز میں ایک چوکے اور ایک چھکا لگایا ۔ ہینڈاسکمب نے تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 30 گیندوں میں اپنی اننگز مکمل کی ۔ مارکس اسٹوئنس نے ناٹ آؤٹ 15 رنز بناکر آسٹریلیا کو 334 رنز پر پہنچایا ۔