حیدرآباد۔ 24 جولائی (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس ساؤتھ زون ٹیم نے 14 سال قبل پیش آئے قتل کے معمہ کو حل کرتے ہوئے دو روڈی شیٹر کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے طفنچہ بھی برآمد کرلیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس ٹاسک فورس مسٹر لمبا ریڈی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ بہادر پورہ پولیس اسٹیشن کے روڈی شیٹر حبیب خان عرف حبیب سکّہ اور اس کا ساتھی روڈی شیٹر احمد شمس الدین عرف اصغر شاہ نے سال 2000ء میں حسینی علم علاقہ میں 10 لاکھ روپئے کے رہزنی واقعہ میں ملوث تھا۔ کشن باغ کا ساکن محمد آصف ، حبیب اور شمس الدین کو رہزنی کے واقعہ کے سلسلے میں بلیک میل کرتے ہوئے انہیں مسلسل ہراساں کررہا تھا۔ مذکورہ روڈی شیٹرس نے 3 نومبر 2000ء میں آصف کو ضلع میدک کے سداشیو پیٹ منتقل کیا جہاں پر وہ اپنے دیگر 6 ساتھیوں کے ساتھ مل کر آصف کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا تھا اور بعدازاں نعش کو تھیلے میں رکھ کر علاقہ سنگا ریڈی میں نذرآتش کردیا تھا۔ آصف کے قتل کے سلسلے میں سنگاریڈی کے کونڈا پور پولیس اسٹیشن میں قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا اور ہنوز اس کیس کا معمہ حل نہیں ہوسکا تھا۔ ٹاسک فورس نے حبیب اور شمس الدین کو کشن باغ بہادر پورہ علاقہ میں حراست میں لے لیا اور ان سے تفتیش کرنے پر انہوں نے قتل میں ملوث ہونے کا اقبال جرم کیا۔ مذکورہ روڈی شیٹر کے قبضہ سے طفنچہ اور چار کارتوس بھی برآمد کئے گئے ہیں۔ مزید کارروائی کیلئے انہیں بہادر پورہ پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔