حیدرآباد 16 اکٹوبر (سیاست نیوز) بیوی سے جھگڑے اور قرض کے بوجھ کے علیحدہ واقعات میں دو افراد نے خودکشی کرلی۔ یہ واقعات مہیشورم اور نارسنگی پولیس حدود میں پیش آئے۔ چیوڑلہ پولیس کے مطابق 30 سالہ جے بکایا جو پیشہ سے لیبر تھا، کے ایل تانڈہ میں رہتا تھا۔ بکایا کثرت سے شراب کے نشہ کا عادی تھا۔ اس نے 13 اکٹوبر کے دن کثرت سے شراب نوشی کرنے کے بعد اپنے مکان کا رُخ کیا اور اس کا مکان میں بیوی سے جھگڑا ہوگیا۔ جھگڑے کے بعد اس نے اپنے جسم پر کیروسین ڈال کر آگ لگالی اور کل رات فوت ہوگیا۔ نارسنگی پولیس کے مطابق 30 سالہ دسرتھ پیشہ سے پانی سپلائی کرتا تھا۔ حفیظ پیٹ کا ساکن بتایا گیا ہے۔ اس نے کل اپنے ساتھی کو اطلاع دی تھی کہ وہ آؤٹر رنگ روڈ کی سرویس روڈ پر ہے اور وہ قرض کے بوجھ سے خودکشی کررہا تھا۔ پولیس کے مطابق نارسنگی کے علاقہ میں دسرتھ کی نعش دستیاب ہوئی۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔