ابوظہبی ۔23نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر خارجہ امریکہ جان کیری آج ابوظہبی پہنچ گئے تاکہ خانہ جنگی میں مصروف حریفو ں کو امن مذاکرات کی میز پر لایا جاسکے تاکہ وہ متحد ہوکر دولت اسلامیہ کے خلاف جنگ کرسکیں۔ جان کیری کو یقین ہیکہ ان کا پرعزم منصوبہ شام کے متحارب گروپ کو متحد کرکے دولت اسلامیہ کو شکست دے سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس لئے ابوظہبی آئے ہیں اور اپنی کوششوں میں کامیابی حاصل ہوسکے اور خانہ جنگی میں مصروف گروپس کو متحد کرکے دولت اسلامیہ کے مشترکہ خطرہ سے نمٹنے کیلئے تیار کرسکیں ۔ امریکہ کا خیال ہیکہ عاجلانہ بنیادوں پر امن کارروائی کا آغاز ہوناچاہئے تاکہ بشارالاسد اور ان کے حریف متحد ہوکر شام کو ایک مستحکم ملک میں تبدیل کرسکیں۔ امریکہ کو اس اطلاع پر بھی سخت تشویش ہیکہ غیرملکی جنگجو دولت اسلامیہ کی صفوں میں شامل ہیں اور تیل کی برآمدات سے اسے کافی مالیہ حاصل ہورہا ہے۔