دولت اسلامیہ پر 26 امریکی فضائی حملے

بغداد ۔ 21 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) امریکی قیادت والے لڑاکا طیاروں نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران عراق پر ایک دو نہیں بلکہ پورے 26 حملے کئے جہاں ان کا اصل نشانہ شمالی اور مغربی بغداد میں دولت اسلامیہ کے جہادیوں کا قلع قمع کرتا تھا۔ دریں اثناء اتحادی افواج کی جانب سے بھی ایک بیان جاری کیا گیا جس میں ان حملوں کی توثیق کی گئی جس کیلئے بغیر پائلٹ اور پائلٹ والے دونوں اقسام کے لڑاکا طیاروں کا استعمال کیا گیا۔ 26 حملوں کے منجملہ13 حملے صوبہ عنبر میں کئے گئے جو بغداد کے مغربی حصہ میں واقع ہے، جہاں عراقی سیکوریٹی افواج اپنے کنٹرول کو توسیع دینے نبردآزما ہے جبکہ صوبہ صلاح الدین کے قریب بائی جی میں بھی 8 حملے کئے گئے۔ 5 حملے نینوا میں کئے گئے جو گذشتہ سال جون میں دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں کے قبضہ میں آنے والا پہلا صوبہ تھا۔ جب دولت اسلامیہ کے عسکریت پسندوں کی جانب سے حملے اپنے ابتدائی دور میں تھے، تو اس وقت عراقی سیکوریٹی فورسیس نے اطمینان بخش کارکردگی انجام نہیں دی تھی جس کی وجہ سے کئی علاقے دولت اسلامیہ کے قبضہ میں چلے گئے تھے۔ تاہم تاخیر سے ہی سہی، عراقی فورسیس نے ایک بار پھر گرم جوش اور ولولہ کا مظاہرہ کرتے ہوئے متعدد علاقوں کو جہادیوں کے قبضہ سے واپس حاصل کرلیا۔