دبئی۔6ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) کپتان شاہد آفریدی کی میچ کو تبدیل کرنے والی مختصر اننگز کے باوجود یہاں منعقدہ دوسرے ٹوئنٹی 20مقابلہ میں نیوزی لینڈ نے 17رنز کی کامیابی حاصل کرتے ہوئے دو مقابلوں کی سیریز کو 1-1سے برابر کرلیا ۔145رنز کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 18.5 اوورس میں 127رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔ آفریدی نے لوور آرڈر میں بیٹنگ کرتے ہوئے تین چھکوں کی مدد سے صرف 11گیندوںمیں 28رنزاسکور کرتے ہوئے ٹیم کی کامیابی کے امکانات کو روشن کیا تھا ‘ تاہم وہ 18ویں اوور کی آخری گیند پر جب آؤٹ ہوئے تو پاکستانی ٹیم کی کامیابی کی
امیدیں بھی ختم ہوگئیں۔پاکستان کو ابتدائی مشکلات سے پریشان کرنے میں بائیںہاتھ کے اسپنر ڈیوچ نے پہلے سرفراز احمد (1)اور تیسرے اوور میں محمد حفیظ (9)کو آؤٹ کیا ۔پاکستان کیلئے احمد شہزاد نے 36گیندوں میں (33)رنز اور سعد نسیم نے 21گیندوں میں 19رنز اسکور کئے ۔ نیوزی لینڈ کیلئے نیشم نے 25رنز اور کائیل ملس نے 26رنز کے عوض فی کس 3کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ قبل ازیں نیوزی لینڈ نے 8وکٹوں کے نقصان پر 144رنز اسکور کئے جس میں کپتان کین ولیمسن نے 31گیندوںمیں 32 ‘ لیوک رونچی نے19گیندوں میں 31 رنزاسکور کرتے ہوئے ٹیم کو ایک قابل دفاع اسکور تک پہنچایا ۔ پاکستان کیلئے شاہدآفریدی نے 33رنز اور عمرگُل نے 24رنز کے عوض فی کس دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ سہیل تنویر ‘ رضاحسن اور محمد حفیظ فی کس ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے ۔ ڈیوچ کو مقابلے کابہترین کھلاڑی اور رونچی کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔