بلاوایو۔یکم نومبر(سیاست ڈاٹ کام )شین ڈاؤرچ اور کپتان جیسن ہولڈر کی شاندار شراکت کی بدولت ویسٹ انڈیز نے زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹسٹ میچ میں عمدہ انداز میں واپسی کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 374 رنز بنا کر مجموعی طور پر 48 رنز کی برتری حاصل کر لی۔بلاوایو میں جاری آخری ٹسٹ میچ کے تیسرے دن ویسٹ انڈیز ٹیم نے 78 رنز ایک وکٹ کے نقصان پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو کیرن پاول 43 رنز پر کھیل رہے تھے۔انہوں نے نائٹ واچ مین دویندرا بشو کے ہمراہ اسکورکو131تک پہنچا کر ٹیم کی حالت مستحکم کر دی لیکن اس سے قبل کہ یہ شراکت مزید خطرناک ثابت ہوتی، بشو 23 رنز بنا کر سکندر رضا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ جلد ہی زمبابوے کو کائل ہوپ کی شکل میں تیسری کامیابی بھی مل گئی۔ابھی اسکور 163 تک ہی پہنچا تھا کہ ایم پوفو نے 90 رنز بنانے والے پاول کو ارون کے ہاتھوں کیچ کرا کر اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلائی۔چار وکٹیں گرنے کے بعد روسٹن چیز اور شے ہوپ وکٹ پر یکجا ہوئے اور پانچویں وکٹ کیلئے 56 رنز کی شراکت قائم کر کے نقصان کے ازالے کی کوشش کی لیکن سکندر رضا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے اس شراکت کا خاتمہ کرنے کے ساتھ اپنی ٹیم کو یکے بعد دیگرے تین وکٹیں دلا کر پانچ وکٹیں حاصل کر لیں۔چیز 32، بلیک وڈ پانچ اور شے ہوپ 40 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔230 رنز پر سات وکٹیں گرنے کے بعد ایسا لگ رہا تھا کہ مہمان ٹیم کو خسارے کا سامنا کرنا پڑے گا لیکن اس موقع پر شین ڈاؤرچ اور ہولڈر حریف بولروں کے سامنے ڈٹ گئے۔دونوں نے مشکل وقت میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ناصرف ٹیم کو خسارے سے بچایا بلکہ ٹیم کو برتری بھی دلا دی اور اس موقع پر زمبابوے کے بولرس بالکل بے بس نظر آئے۔جب تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 374 رنز بنا کر میزبان ٹیم کے خلاف مجموعی طور پر 48 رنز کی برتری حاصل کر لی تھی، ڈورچ 75 اور ہولڈر 71 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔زمبابوے کی جانب سے سکندر رضا نے پانچ وکٹ لئے۔