دوسرے مقام کی بقاء کیلئے ہندوستان کو ٹسٹ سیریز ڈرا کرنا ہوگا

دبئی ۔ 4 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے خلاف جمعرات کو آکلینڈ میں شروع ہورہی دو مقابلوں کی ٹسٹ سیریز میں اگر ہندوستانی ٹیم کامیابی بھی حاصل نہیں کرپاتی ہے تو کم از کم اسے آئی سی سی کی درجہ بندی میں اپنے دوسرے مقام کی بقاء کیلئے مذکورہ سیریز کو ڈرا کرنا ہوگا۔ ٹسٹ سیریز میں اگر ہندوستان کو 2-0 کی کامیابی حاصل ہوتی ہے تو اس سے درجہ بندی کا ایک نشان حاصل ہوگا اور وہ 118 نشانات کے ذریعہ درجہ بندی کی صف کو تبدیل کردے گی۔

دوسری جانب ہندوستان کو اگر مذکورہ سیریز میں 1-0 کی شکست ہوتی ہے تو اس سے 5 نشانات کا نقصان ہوگا اور وہ 112 نشانات کے ذریعہ تیسرے مقام پر فائز آسٹریلیا سے ایک مقام آگے رہے گی۔ 0-0 یا 1-1 کے ڈرا کے نتائج کی بدولت ہندوستان اور نیوزی لینڈ دونوں ہی ٹیمیں سیریز سے قبل موجود اپنے مقامات کو برقرار رکھ پائیں گی۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم فی الحال 82 نشانات کے ذریعہ آٹھویں مقام پر فائز ہے اور اگر وہ ہندوستان کے خلاف سیریز میں 2-0 کی کامیابی حاصل کرتی ہے تو اس کے جملہ نشانات 88 ہوجائیں گے۔

فاسٹ بولر محمد عرفان فٹ
کراچی۔ 4 فبروری (سیاست ڈاٹ کام)پاکستان کے طویل قامت فاسٹ بولر محمد عرفان نے کہا ہے کہ وہ ہر طرز کی کرکٹ کیلیے فٹ ہوگئے ہیں۔ وہ اپنی فٹنس کے جائزہ کیلئے جمعراتکو پنڈی میں شروع ہونے والے ٹوئنٹی20 کرکٹ ٹورنمنٹ میں ملتان ڈویژن کی نمائندگی کریں گے۔ ملتان میں میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کولہے کے زخم سے مکمل فٹ ہوگیا ہوں اور ایشیا کپ اور ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی اوربہتر کارکردگی دکھانا چاہتا ہوں۔