دوسرے درجہ کی ٹیم کی روانگی مایوس کن : مشفق الرحیم

میرپور۔29مئی (سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش کے کپتان مشفق الرحیم نے بی سی سی آئی کی جانب سے بنگلہ دیش کے خلاف 3ونڈے مقابلوں کیلئے روانہ کی جانے والی دوسرے درجہ کی ٹیم کے فیصلہ کو مایوس کن قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ان کھلاڑیوں کے خلاف میزبان ٹیم کو ایک موقع دستیاب ہوگا ۔ بی سی سی آئی کے سلکشن پینل کے ایک طویل اجلاس میں بنگلہ دیش کے دورہ کیلئے سریش رائنا کی قیادت میں 15رکنی ٹیم کا اعلان کیا ہے جو کہ 15جون کو بنگلہ دیش کے خلاف تین مقابلوں کی ونڈے سیریز کا آغاز کرے گی لیکن مشفق الرحیم کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کو آنے والی ٹیم میں کپتان مہیندر سنگھ دھونی اور ویراٹ کوہلی شامل نہیں ہے ۔ مشفق الرحیم نے میرپور میں میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ ہندوستان بنگلہ دیش کے خلاف کھیلی جانے والی سیریز کو غیر اہم تصور کرتا ہے ۔

وکٹ کیپر بیٹسمین نے مزید کہا کہ یہ ہمارے لئے بہتر موقع ہے کہ ہم میدان پر اس کا صحیح جواب دیں ۔ مشفق الرحیم کا کہنا ہے کہ ہندوستان نے ہمیں مدعو نہیں کیا ہے اور ہم اس سیریز میں بہتر مظاہرہ کے ذریعہ ایک پیغام روانہ کرناچاہتے ہیں ۔ مشفق الرحیم نے اپنے ٹیم کے ساتھی آل راؤنڈر شکیب الحسن کے متعلق بھی اظہار خیال کیا جو کہ فی الحال آئی پی ایل میں کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کی نمائندگی کررہے ہیں ۔ مشفق الرحیم نے شکیب الحسن کے متعلق کہا کہ وہ ہندوستانی کھلاڑیوں کے خلاف کھیل چکے ہیں اور ان کے اس تجربہ سے ہم فائدہ اٹھائیں گے ۔ ہندوستان نے پرویز رسول بشمول آئی پی ایل میں بہتر مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کیلئے موقع دیا ہے ۔