دوسری جنگ عظیم کے شہید فوجیوں کو پرنب مکرجی کا خراج عقیدت

پورٹ مورسبی۔ 29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ پرنب مکرجی جو ہندوستانی افواج کے سپریم کمانڈر بھی ہیں، آج پاپواگنی کے تاریخی بومانہ قبرستان پہنچے، جہاں انہوں نے دوسری جنگ عظیم کے دوران ہلاک ہوئے نامعلوم فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جو وہاں مدفون ہیں۔ 80 سالہ مکرجی اس موقع پر ایک یادگاری ستون کی طرف بڑھے جو فوجیوں کی یاد میں تعمیر کیا گیا ہے جنہوں نے برطانوی افواج کے ساتھ دوسری جنگ عظیم میں جام شہادت نوش کیا۔ یاد رہے کہ صدرجمہوریہ کل ہی یہاں پہنچے تھے۔ گورنر جنرل سرمائیکل اوگیو سے ملاقات کے بعد پرنب مکرجی شہید فوجیوں کی یادگار پر خراج عقیدت پیش کرنے پہنچے اور یادگاری ستون پر گلہائے عقیدت پیش کئے۔ اسی وقت پاپوانیوگنی کی فوج کے بینڈ نے ایک ماتمی دھن بجائی بعدازاں ایک منٹ کی خاموشی اختیارکی گئی۔