دوسری اننگزمیں 151/3،ہندوستان کامستحکم موقف

اڈیلیڈ۔8 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے بولروں کی شاندار کارکردگی کے بعد محتاط بیٹنگ سے آسٹریلیا کے خلاف پہلے کرکٹ ٹسٹ کے تیسرے دن آج اپنی دوسری اننگز میں دن کے اختتام تک تین وکٹوں کے نقصان پر 166 رن کی برتری کے ساتھ میچ میں اپنی گرفت مضبوط کر لی۔ یہاں اڈیلیڈ اوول میں تیسرے دن کا کھیل بارش سے متاثر رہا لیکن ہندوستان نے دوسری اننگز میں دن کا کھیل ختم ہونے تک 61 اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر151 رن بنا لئے ہیں اور اس کی مجموعی برتری166 رنز ہوگئی ہے ۔ چتیشور پجارا40 رنز اور اجنکیا رہانے ایک رن بنا کر وکٹ پر موجود ہیں جبکہ ٹیم کے ابھی سات وکٹ محفوظ ہیں۔ دوسری اننگز میں اوپنر لوکیش راہول نے 44 رنز، مرلی وجے نے 18 رن اور کپتان ویراٹ کوہلی نے 34 رن بنائے ۔ کوہلی اپنی مختصر اننگز کے باوجود آسٹریلیا کی سر زمین پر سب سے تیز1000 ٹسٹ رنز بنانے والے پہلے اور مجموعی طورچوتھے ہندوستانی بن گئے ہیں۔ کوہلی کو اس اعداد و شمار تک پہنچنے کے لئے سیریزسے پہلے محض8 رنز کی ضرورت تھی۔میچ میں صبح کا سیشن بارش سے متاثر رہا جس میں ہندوستان نے آسٹریلیا کی پہلی اننگز کو98.4 اوورس میں 235 پر سمیٹ دیا ۔ ہندوستان کو آخری دوگیندوں پر دو وکٹ ملے اور اسے پہلی اننگز میں 15 رن کی برتری حاصل ہوئی لیکن ہندوستان کی دوسری اننگز میں بیٹسمینوں نے مشکل وکٹ پر محتاط بیٹنگ سے تیسرے دن آخری لمحہتک اس برتری کو166 رنز تک پہنچا دیا۔ پہلی اننگز کے مقابلے میں دوسری اننگز میں ہندستان کا آغاز اس وقت بہتر رہا اور راہول اور مرلی نے پہلی وکٹ کے لئے 63 رنز کی نصف سنچری شراکت کی۔ اننگز کے 19 ویں اوور میں فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے پیٹر ہیڈاسکوب کے ہاتھوں مرلی کو کیچ کرواکر اس شراکت کو توڑا۔ مرلی نے 53 گیندوں کا سامنا کیا اور18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ پہلی اننگز میں بھی وہ11 رنز پر سستے میں آؤٹ ہوئے تھے ۔ راہول نے اس مرتبہ بہتر رن بنائے اور67 گیندوں میں تین چوکے اور ایک چھکا لگا کر 44 رنز جوڑے ۔ وہ اپنی نصف سنچری سے چھ رن ہی دور تھے کہ جوش ہیزل ووڈ نے انہیں ٹم پین کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔ اس کے بعد پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے پجارا نے کپتان کوہلی کے ساتھ تیسرے وکٹ کیلئے 71 رنز کی مفید شراکت بنائی ۔ کوہلی نے میچ میں جیسے ہی ابتدائی پانچ رنز بنائے ان کے نام آسٹریلیا میں سب سے تیز رفتار 1000 ٹسٹ رنز کی کامیابی بھی شامل ہو گئی۔ انہوں نے 18 اننگز میں یہ کامیابی حاصل کی ہے جو کسی ہندستانی بیٹسمین کی سب سے تیز کارکردگی ہے ۔ اس ریکارڈ میں وہ سچن تندولکر، وی وی ایس لکشمن اور راہول ڈراویڈ کے بعد چوتھے ہندوستانی ہیں۔ ہندوستانی کپتان نے 104 گیندوں کا سامنا کیا اور تین چوکے لگا کر 34 رنز بنائے ۔ آسٹریلیائی آف اسپنر ناتھن لیون نے میچ کے 58 ویں اوور کی پہلی ہی گیند پر کوہلی کو آرون فنچ کے ہاتھوں کیچ کراکر بڑی اننگز سے روک دیا۔دن کے اختتام تک پجارا ایک سرا سنبھالے کھڑے رہے اور 127 گیندوں میں 40 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ لوٹے ۔ ان کے ساتھ نائب کپتان رہانے فی الحال کریز پر ہیں۔آسٹریلیا کے لیے فاسٹ بولر اسٹارک نے 10 اوور میں 18 رن دے کر ایک، ہیزل ووڈ نے 16 اوور میں 25 رن پر ایک اور تجربہ کار آف اسپنر لیون نے 22 اوور میں 48 رن دے کر ہندستان کا ایک ایک وکٹ لیا۔