دوست کے گھر سرقہ دو افراد گرفتار

حیدرآباد 9 مارچ (سیاست نیوز) دوست کے مکان سے الیکٹرانک اشیاء کا سرقہ کر کے اسے ’OLX‘ سائیٹ کے ذریعہ فروخت کرنے کی کوشش کرنے والے دو نوجوانوں کو لنگر حوض پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ سائی سریکانت ساکن درگا نگر امیزان کمپنی کا ملازم ہے اور اس کا تعلق مغربی بنگال سے ہے ۔ اس نے این آئی آئی ٹی سے کمپیوٹر کی تعلیم حاصل کی تھی اور اس کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کیلئے 7 فروری سے 16 فروری تک مغربی بنگال گیا ہوا تھا۔ نا معلوم افراد نے اس کی غیر موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اس کے مکان سے الیکٹرانک اشیاء بشمول سامسنگ ٹیاب ‘ کمپیوٹر سسٹم ‘ٹائٹن گھڑی اور دیگر اشیاء کا سرقہ کرلیا تھا ۔ سائی سریکانت حیدرآباد واپس لوٹنے پر اپنے مکان میں سرقہ ہونے کی اطلاع لنگر پولیس کو دی ۔ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور دوران تحقیقات پولیس کو یہ معلوم ہوا کہ سائی سریکانت کے دو دوست وکرم اور سریکانت نے OLX ویب سائٹ پر مسروقہ سیامسنگ ٹیابلٹ کی تصویر اپ لوڈ کر کے اسے فروخت کرنے کی کوشش کررہے تھے پولیس نے دونوں کو گرفتار کرلیا۔