لاہور۔20 مئی (سیاست ڈاٹ کام )زمبابوے کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اوزیاز بوتھے نے کہا ہے کہ ہمار ا پاکستان آنے کا مقصد کھیل کو کامیاب بنانا ہے۔ شاندار استقبال پر خوش اور بورڈ کے شکرگزار ہیں۔ دوسری جانب زمبابوے کرکٹ ٹیم کے کپتان ایلٹن چگمبورا نے کہا ہے کہ ہمارا کام کرکٹ کھیلنا ہے ، ہم خود کو پاکستان میں محفوظ سمجھ رہے ہیں۔زمبابوے کی کرکٹ ٹیم کے کپتان چگمبورا کے بموجب وہ پاکستان آکر خوفزدہ نہیں ہیں انھیں یقین ہے کہ سکیورٹی کے مناسب انتظامات کئے گئے ہیں اور ان کی اصل توجہ کرکٹ پر مرکوز ہے۔چگمبورا اور زمبابوے کے وفد کے سربراہ اوزیئس نے قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس میں کہا کہ وہ سکیورٹی کے انتظامات دیکھ کر متاثر ہوئے ہیں اور انھیں یقین ہے کہ اسٹیڈیم تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرا ہوگا۔انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام کرکٹ سے بہت محبت کرتے ہیں اور انھیں خوشی ہے کہ زمبابوے کی ٹیم عوام کے چہروں پر مسکراہٹ واپس لانے میں اپنا کردار ادا کرنے یہاں موجود ہے، اسے خوشی ہے کہ اس سیریز کی بدولت پاکستان کے بچے
اور نوجوان جو کافی عرصے سے اپنے ہیروز کو اپنے سامنے کھیلتا نہیں دیکھ سکے تھے وہ اب انہیں دیکھ سکیں گے۔اوزئیس سے جب سوال کیا گیا کہ کیا آپ کی حکومت اس دورے کے حق میں ہے تو ان کا جواب تھا کہ زمبابوے میں کھیلوں کے معاملات اسپورٹس اینڈ ریکری ایشن کمیشن دیکھتا ہے تاہم اس نے زمبابوے کرکٹ بورڈ کو مکتوب روانہ کیا جس میں کہا گیا تھا کہ زمبابوے کو پاکستان کا دورہ کرنا ہے یا نہیں اس کا فیصلہ زمبابوے کرکٹ بورڈ کو خود کرنا ہے اور بورڈ نے یہ فیصلہ کیا کہ پاکستان کا دورہ کیاجائے گا۔تمام کرکٹرز اپنی خوشی سے یہاں آئے ہیں اور ان اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں کہ اسپورٹس اینڈ ریکرایشن کمیشن نے ان سے کوئی فارم بھروایا تھا۔انھوں نے تسلیم کیا کہ کوئی ناخوشگوار واقعے کے بعد پریشانی انسانی فطرت ہے اور کراچی کے حالیہ واقعہ نے بھی کچھ پریشانی پیدا کی لیکن سب متفق تھے کہ یہ دورہ کرنا ہے۔