کراچی ۔8 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹسٹ سیریز کے تین میچوں کے لے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا اور فاسٹ بولر محمد عامر کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ انضام الحق کی سربراہی میں سلیکشن کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کوچ مکی آرتھر اور کپتان سرفراز احمد سے بھی مشاورت کی گئی۔ چیف سلیکٹر انضام الحق نے کہا کہ جنوبی افریقی ٹیم کی موجودہ صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے بہترین اسکواڈ کا انتخاب کیا۔ اسکواڈ میں تین اوپنر منتخب کیے گئے ہیں جن میں شان مسعود بھی شامل ہیں جنہیں محمد حفیظ کی ٹسٹ کرکٹ سے کنارہ کشی کے بعد منتخب کیا گیا۔ انضام الحق نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بہتر مظاہروںکے بعد محمد عامر کی واپسی خوش آئند ہے ۔گزشتہ اہم سیریز سے ٹیم سے خارج کیے جانے والے محمد عامر کی ٹسٹ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے اور انہیں اسکواڈ کا حصہ بنا لیا گیا ہے لیکن نوجوان فاسٹ بولر میر حمزہ کو نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں موقع دیے بغیر ہی خارج کردیا گیا۔