پانچویں تا نویں جماعت انگلش میڈیم کی سہولت، بیوگان و معذورین کیلئے وظائف کی رہبری
حیدرآباد ۔ 31 مارچ (سیاست نیوز) ادارہ سیاست اور ملت فنڈ کی جانب سے یکم اپریل کو منعقد شدنی ریگل کنونشن روبرو مغل انجینئرنگ کالج، بنڈلہ گوڑہ میں دوبہ دو ملاقات پروگرام والدین و سرپرستوں کیلئے لڑکوں اور لڑکیوں کیلئے رشتوں کے انتخاب کی سہولت مہیا کی جارہی ہے۔ وہیں حکومت تلنگانہ کی جانب سے اقلیتی اقامتی اسکولس میں داخلوں کیلئے (آن لائن) رجسٹریشن کاؤنٹرس قائم کیا جارہا ہے تاکہ پرانے شہر کے والدین اس سہولت سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے بچوں کو اقامتی اسکولس میں داخلہ دلواسکیں۔ حکومت مائناریٹی ریسیڈنشیل اسکولس میں پانچویں تا نویں جماعت (انگریزی میڈیم) طلباء کیلئے مفت داخلے دے رہی ہے۔ آن لائن رجسٹریشن کیلئے فی طالب علم کو دو عدد فوٹوز اور آدھار کارڈ ساتھ لانا ضروری ہے۔ داخلہ کی عمر کم از کم 9 سال رکھی گئی ہے۔ ان اقامتی اسکولس میں حکومت طلباء کو مفت کتابیں، ڈریس، طعام اور قیام، کھیل کود کی سہولت مہیا کررہی ہے۔ شہر کے سماجی و فلاحی تنظیموں کے قائدین سے اپیل کی گئی ہیکہ وہ اپنے اپنے محلہ اور بستیوں میں موجود غریب و بے سہارا بچوں کو ان اقامتی اسکولس میں داخلے دلواکر تعلیم دلوانے میں ان کی رہبری و رہنمائی کریں۔ اس کے علاوہ پروگرام میں حکومت کی آسرا اسکیم کے تحت بیواؤں، معذورین، عمر رسیدہ افراد میں وظائف کے ضمن میں تفصیلات کے ہیلپ لائن کاؤنٹر بھی قائم کیا جارہا ہے۔ تفصیلات سید سلیم الدین فون نمبر 9391042776 پر ربط کریں۔