دلیپ کمار کی جائیداد کا تنازعہ ‘ فرنویس کی مداخلت

ممبئی 20دسمبر(سیاست ڈاٹ کام ) شہنشاہ جذبات دلیپ کمار کی جائیداد کے تنازعہ میں چیف منسٹر مہاراشٹر کے دفتر کی مداخلت کے نتیجہ میں ممبئی پولیس حرکت میں آئی اور معاشی جرائم شعبہ نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور ایک کیس درج کیا گیاہے ۔دلیپ کمار کی اداکارہ بیوی سائرہ بانو کے ذریعہ وزیراعظم نریندر مودی سے مدد کیلئے ٹوئٹ کے بعد ہلچل مچ گئی اورممبئی میں سی ایم او کی پولیس کوہدایت کے بعد محکمہ حرکت میں آیاہے۔سائرہ بانو نے 16دسمبر کو اس سلسلہ میں ایک ٹویٹ کیاکہ ملزم سمیر بھجوانی کے ضمانت پر جیل سے رہائی کے بعد انہیں خطرہ ہے وہ دھوکہ اور جعلسازی سے ان کا بنگلہ اور اس کے اطراف کی زمین ہڑپ کرنا چاہتا ہے ۔پولیس نے سی ایم او کے ذریعہ کارروائی کے بعد سمیر بھجوانی کیخلاف فرد جرم عائد کی اور پولیس بلڈر بھجوانی کی ضمانت کیخلاف بمبئی ہائیکورٹ میں درخواست داخل کریگی۔جنوری میں شعبہ معاشی جرائم ممبئی پولیس نے سمیر بھجوانی کیخلاف زمین ہڑپ اور جعلی دستاویز ات کے الزام میں لیس درج کیا تھا, لیکن سمیر کو حال میں ضمانت مل گئی ۔واضح رہے کہ چند روز قبل سائرہ بانو نے دلیپ کمار کے ٹوئیٹر اکاونٹ پر وزیراعظم نریندر مودی سے مددطلب کی, جس کے بعد سی ایم او حرکت میں آیا اور پولیس نے کارروائی کی کیونکہ سمیربھجوانی کی کوشش ہے کہ وہ دلیپ کمارکا بنگلہ حاصل کرلے جبکہ سائرہ بانو وہاں ایک میوزیم بنانا چاہتی ہیں۔فی الحال
دلیپ کمار علیل ہیں اورسائرہ بانو کے مکان میں رہ رہے ہیں جبکہ بلڈر سمیر ان کی بیماری کا فائدہ اٹھارہا ہے ۔

سارے شمالی ہند میں سردی کا قہر جاری
چنڈی گڑھ20دسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) پنجاب اور ہریانہ سمیت شمالی ہند میں سرد لہر اور پالے کا قہر جاری ہے اور آنے والے کچھ دنوں تک اس سے راحت کا امکان نہیں ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چار دنوں تک سرد لہر اور پالے کا قہر جاری رہے گا اور اس کے بعد گھنے کہرے کے آثار ہیں۔ علاقے میں سخت ترین سردی کے سبب عام زندگی متاثر ہورہی ہے ۔ دن میں ٹھنڈ سے کچھ راحت ملی ہے ۔ علاقے میں شام سے صبح تک کڑاکے کی ٹھنڈ پڑ رہی ہے ۔آدم پور کا درجہ حرارت بھی ایک ڈگری تک رہنے سے عام زندگی پر اس کا اثر پڑا۔ حصار، نارنول، لدھیانہ اور بھٹنڈہ درجہ حرارت بالترتیب دو ڈگری، انبالہ، روہتک، امرتسر کا درجہ حرارت بالترتیب تین ڈگری، کرنال چار ڈگری، بھوانی پانچ ڈگری، پٹیالہ پانچ ڈگری جبکہ ہلوارا کا درجہ حراررت چار ڈگری سیلسیس رہا۔ دارالحکومت دہلی بھی ان دنوں سردی کی زد میں ہے ۔ وہاں کا درجہ حرارت چار ڈگری، جموں چھ ڈگری اور سری نگر میں منفی چار ڈگری رہا ۔ ہماچل پردیش میں شملہ کا درجہ حرارت چھ ڈگری، بھنتر، سندر نگر کا صفر ڈگری، منالی ایک ڈگری، کلپا منفی چار ڈگری، سولن صفر کے نزدیک، ناہن چار ڈغری، اونا تین ڈغری، کانگڑا چار ڈگری، منڈی اور دھرمشالہ کی درجہ حرارت پانچ ڈگری سیلسیس رہا۔ موسم میں فی الحال کسی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے ۔شمالی ہند میں عموما سردی ہمیشہ زیادہ ہوتی ہے اور صبح کے وقت اور دن میں بھی کہرے کی وجہ سے ٹرینوں و طیاروں کی آمد و رفت متاثر ہوتی ہے ۔