جموں 11 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) دفعہ 370 پر بی جے پی کے واضح موقف کا اعادہ کرتے ہوئے مرکزی وزیر جیتندر سنگھ نے آج کہاکہ تمام موضوعات بشمول دفعہ 370 پارٹی کے منشور کا حصہ ہے اور یہ ہمارا ایجنڈہ برقرار رہے گا۔ اُنھوں نے مشن 44+ کیلئے بی جے پی میڈیا سنٹر کے افتتاح کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ تمام موضوعات (بشمول دفعہ 370) جو بی جے پی منشور کا کئی سال سے حصہ رہے ہیں وہ بدستور ایجنڈہ کا حصہ ہوں گے۔ منسٹر آف اسٹیٹ پی ایم او نے یہ بات اُس وقت کہی جب اُن سے پوچھا گیا کہ کیا بی جے پی نے دفعہ 370 مسئلہ کو برفدان کی نذر کردیا ہے۔ اِس دفعہ کے تحت جموں و کشمیر کو خصوصی موقف حاصل ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اِس دفعہ کے سلسلہ میں ہمارا نظریہ بالکل واضح ہے اور بی جے پی کے اِس موقف سے سبھی واقف ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ہر انتخابات میں ہماری کچھ ترجیحات ہوتی ہیں اور عوام کی توقعات کو ملحوظ رکھنا ضروری ہوتا ہے۔ جہاں تک 2014 ء میں عوامی توقعات کا تعلق ہے ریاست کے عوام کئی سال سے عدم حکمرانی،
کرپشن اور مرکزی فنڈس میں دھاندلیوں کا شکار ہوئے ہیں۔ اُنھوں نے بعض موجودہ بی جے پی ارکان اسمبلی کے استعفیٰ کے بارے میں پوچھے جانے پر کہاکہ وہ اِس بارے میں بحث میں اُلجھنا نہیں چاہتے۔ بی جے پی میں داخلی جمہوریت ہے، یہ واحد پارٹی ہے جہاں خاندانی یا موروثی قیادت نہیں پائی جاتی۔ مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں بی جے پی فی الحال اسمبلی انتخابات تنہا لڑے گی اور کسی بھی سیاری پارٹیوں سے سیاسی مفاہمت کے کوئی امکانات نہیں ہیں ۔ یاد رہے کہ صرف ایک روز قبل سابق علحدگی پسند و پیوپلز کانفرنس قائد سجا دیون نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی تھی ۔ انہو ںنے کہا کہ ان کی پارٹی علحدگی پسند کی تائید نہیں کرتی او رنہ ہی ان کی پارٹی کے کسی بھی قائد نے کہا کہ بی جے پی اس کو بڑھاوا دے رہی ہے ۔ فی الحال ہمارا کسی بھی پارٹی سے کوئی اتحاد نہیں ہے۔