دوبئی ۔ /8 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) تیل کی دولت سے مالا مال سعودی عرب نے سال 2014 ء میں دنیا کے سرکردہ دفاعی درآمد کنندے کا موقف حاصل کرلیا ہے اور اس نے ہندوستان کو اس مقام سے پیچھے کردیا ۔ چین اس معاملے میں اپنے ایشیائی پڑوسی ملک سے مزید قریب ہوتے ہوئے تیسرے مقام پر پہونچ گیا ہے ۔ آئی ایچ ایس کی سالانہ دفاعی رپورٹ میں یہ انکشاف ہوا ہے ۔ امریکہ بدستور سرکردہ دفاعی برآمد کنندہ ملک ہے جس کے بعد دوسرے نمبر پر روس اور اسی طرح فرانس و برطانیہ بالترتیب تیسرے اور چوتھے مقام پر ہے ۔ سال 2014 ء میں سعودی عرب نے سب سے بڑے درآمد کنندے کی حیثیت سے ہندوستان کی جگہ حاصل کرلی ۔ اسی طرح چین بھی دفاعی درآمدات میں پانچویں مقام سے تیسرے مقام تک پہونچ گیا ہے ۔ یہ بھی انکشاف ہواکہ چین نے روس سے سب سے زیادہ دفاعی آلات حاصل کئے جس کی قدر 2.3 بلین ڈالر بتائی گئی ہے ۔ اس کے بعد ہندوستان کا نمبر ہے جس نے 1.7 بلین ڈالرس کے دفاعی آلات درآمد کئے ۔