صدر شام بشارالاسد کا تبصرہ ،ایران کے سینئر عہدیداروں سے ملاقات
دمشق ۔ /29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر شام بشارالاسد نے آج کہا کہ بیرون ملک ان کے دشمنوں نے حکومت کے خلاف مسلح حریفوں کی تائید و حمایت میں اضافہ کردیا ہے اور حکومت کے ہاتھ سے نکل جانے والے علاقوں کو واپس لانے میں یہی ایک بڑی رکاوٹ بن رہی ہے ۔ دمشق میں آج ایران کے سینئر عہدیداروں سے ملاقات کے دوران بشارالاسد نے دہشت گردی کے خلاف ایران اور روس کی زیرقیادت اپنے حلیفوں کی تائید سے جاری لڑائی اور فوج کی کامیابی کو اجاگر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی کے اس سفر میں بعض ممالک رکاوٹ بن رہے ہیںجو شام کے مخالف ہیں لیکن وہ دہشت گردی کے خلاف لڑائی کے نام پر ان دہشت گرد گروپس کو مالیہ اور اسلحہ فراہم کررہے ہیں ۔ شام میں 2001 ء میں شروع ہوئی اس لڑائی کے بعد سے بشارالاسد مسلسل سنی مسلم ممالک بشمول ترکی اور خلیج پر سنی حریفوں کو مسلح کرنے کا الزام عائد کرتے آرہے ہیں ۔ بشارالاسد کی فوج نے ماسکو کے فضائی حملوں کے بعد سے دوبارہ ان علاقوں کو حاصل کرنے کی مہم شروع کی ہے جو حکومت کے قبضے سے نکل چکے ہیں ۔ بشارالاسد کی حکومت پر شیعہ علویہ گروپ کا غلبہ ہے اور اس علاقے میں ایک اور شیعہ طاقت ایران کی اسے بھرپور تائید و حمایت حاصل ہے ۔ صدر شام نے کہا کہ یہاں خانہ جنگی کے سیاسی حل کی بات اسی وقت ہوسکتی ہے جب دہشت گردی کا خاتمہ کیا جائے ۔