حیدرآباد ۔ 15 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : شہر حیدرآباد کی تاریخ میں آج 10 سالہ محمد صادق کو ایک دن کے لیے پولیس کمشنر بنایا گیا ۔ کریم نگر سے تعلق رکھنے والا کمسن لڑکا صادق جان لیوا بیماری بلڈ کینسر سے جوجھ رہا ہے ۔ اور اس کی خواہش تھی کہ وہ کمشنر کے عہدے پر فائز ہویا پھر کم از کم ایک دن کے لیے کیوں نہ ہو کمشنر پولیس بنے اس کی آخری خواہش کے مطابق ’ میک اے ویش ‘ فاونڈیشن نے محمد صادق کی خواہش کو کمشنر پولیس سے رجوع کیا جس پر کمشنر پولیس حیدرآباد سٹی مسٹر مہیندر ریڈی نے اس فاونڈیشن کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے صادق کو کمشنر بننے کا موقع فراہم کیا ۔ آج صبح کمشنر پولیس کی وردی میں محمد صادق کمشنریٹ پہونچا جہاں ایک کمشنر کو دی جانے والی تمام طرح کے اعزاز اور اہمیت دی گئی ۔ صادق اسٹاف کی سلامی کے ساتھ آفس میں داخل ہوا ۔ اس ایک دن کے کمسن کمشنر کو دیکھنے کے لیے کمشنریٹ کا اسٹاف بے چین تھا ۔ اور پانچوں منزلوں سے کمسن کمشنر کو دیکھ رہے تھے ۔ کمسن صادق نے چارج لینے کے بعد میڈیا سے اپنا تعارف بھی پیش کیا ۔ بلڈ کینسر سے شدید متاثرہ اس لڑکے کی عمر میں اضافہ اور اس کی صحت میں بہتری کے لیے اس کی خواہشات کو پورا کرنا اور اسے خوش رکھنا ضروری ہوگیا ہے ۔ ایسے وقت میں اس کی دیرینہ خواہش کو تکمیل کرنے اس کے اندر کافی حیرت انگیز مثبت تبدیلی واقع ہوگئی جس سے وہ زیادہ سے زیادہ دنوں تک صحت مند رہ سکتا ہے ۔ کمشنر پولیس مسٹر مہیندر ریڈی نے محمد صادق کا استقبال
اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا ۔ کمشنر پولیس نے محمد صادق کی جلد از جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ کمسن کا کمشنر بننا حیدرآباد کے لیے بہترین اقدام ہے ۔انہوں نے کہا کہ صادق بھی ہماری طرح اعلی تعلیم حاصل کرتے ہوئے پولیس کے اعلی عہدہ پر فائز ہونا چاہتا تھا ۔ اور اچھی بہترین زندگی بسر کرنا اس کی دلی خواہش تھی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ دل کی گہرائیوں سے اس کمسن کی صحت یابی کے لیے نیک خواہشات رکھتے ہیں ۔ صادق کی صحت کے لیے اس کی دلی خواہش کی تکمیل کافی اہمیت کی حامل تھی اور اس کی خواہش کے مطابق ایک ادارہ کی درخواست پر پولیس نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے موقع فراہم کیا ۔ صادق کے بیشتر رشتہ دار محکمہ پولیس سے وابستہ ہیں ۔ ’ میک اے ویش فاونڈیشن ‘ کی جانب سے سالانہ 3000 ہزار ایسے افراد کی خواہشات کی تکمیل کی جاتی ہے ۔ اس موقع پر سٹی پولیس کمشنر مسٹر مہیندر ریڈی ایڈیشنل کمشنر لا اینڈ آرڈر مسٹر انجنی کمار ، جوائنٹ کمشنر اسپیشل برانچ مسٹر ملاریڈی و دیگر موجود تھے ۔۔