دستور میں تمام مذاہب اور طبقوں کی نمائندگی

ہنمکنڈہ 28 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) 26 جنوری کو تنظیم پاسبان سنت ورنگل کی جانب سے منڈی بازار ورنگل میں یوم جمہوریہ تقاریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ رسم پرچم کشائی ڈاکٹر میر اسری دھر راجو صدر آئی ایم اے کے ہاتھوں انجام پائی۔ اس موقع پر معززین شہر نے یوم جمہوریہ کی اہمیت اور قومی یکجہتی پر خطاب کیا۔ صدر تنظیم ترجمان اہلسنت مولانا خواجہ جعفرالعابدین رضوی نے کہاکہ ہندوستان کی آزادی کی کوشش 1857 ء سے 1947 ء تک چلی۔ اس 90 سالہ دور میں ملک کے ہر قوم کے افراد نے بلا لحاظ مذہب و ملت قربانیاں پیش کیں۔ آزادی کے بعد ملک کا کوئی دستور نہیں تھا۔ اس عظیم کام کے لئے ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی زیرنگرانی ایک کمیٹی قائم کی گئی۔ اس کمیٹی کے ایک رکن حسرت موہانی بھی تھے۔ وہی دستور 26 جنوری 1950 ء سے ہمارے ملک میں نافذالعمل ہوا جس میں تمام مذاہب کی نمائندگی کی گئی ہے اور ملک کے ہر شہری کو مساویانہ حقوق دیئے گئے لہذا ملک کی سلامتی کے لئے قومی یکجہتی بنائے رکھنا اور اپنے جائز حقوق کا جائز طریقے سے استعمال کرنا ہمارے ملک کے ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ آخر میں دعا کے ساتھ اس مجلس کا اختتام عمل میں آیا۔ شہر ورنگل کی ایک بڑی تعداد نے اس موقع پر شرکت کی۔
ہنمکنڈہ : ہنمکنڈہ منڈل کا نمایاں قدیم اُردو ؍ تلگو میڈیم تعلیمی ادارہ گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول پٹرول پمپ پر ہیڈ ماسٹر جناب سوما شیکھر ریڈی نے رسم پرچم کشائی انجام دی۔ مقررین، معلمات محترمہ عقیلہ نسیم سلطانہ، آر منجولا، پی ناگامنی، ریحانہ قیصر، ایم شاردا، کنیز فاطمہ، کے کملا، جی وجیتا نے خطاب کیا اور دستور ہند پر روشنی ڈالی۔ جلسہ کی کارروائی ٹی پربھاکر نے چلائی۔