دریائے نیل میں دو کشتیوں کا تصادم، 19 ہلاک

قاہرہ 23 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مصر کے دریائے نیل میں انوکھی نوعیت کے ایک حادثہ میں جہاں ایک کشتی دوسری کشتی سے ٹکرا گئی، 19 افراد کے غرق ہوکر ہلاک ہوجانے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ دریں اثناء وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ حادثہ گزشتہ شب یہاں کے وراق نامی علاقہ میں رونما ہوا۔ تصادم کے بعد مسافر کشتی کو شدید نقصان پہنچا اور وہ ڈوب گئی۔ چھ مسافروں کو بچالیا گیا جبکہ مال بردار کشتی کے کپتان کو گرفتار کرلیا گیا۔ تقریباً 18 غوطہ خور اور آٹھ بچاؤ کاری کشتیاں دریائے نیل میں اپنی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ حادثہ کے وقت مسافر کشتی میں 25 افراد سوار تھے۔