دباؤ میں کارکردگی دکھانا ہو تو ہندوستان سے کھیلیں :انضمام

کراچی ، 6 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) سابق عظیم بیٹسمن انضمام الحق کا کہنا ہے کہ اگر پاکستانی کرکٹرز کو دباؤ کی صورتحال میں اچھی کارکردگی پیش کرنے کا سیکھنا ہو تو انھیں لازمی طور پر کٹر حریف ہندوستان سے وقفے وقفے سے کھیلتے رہنا چاہئے۔ انضمام نے پی سی بی سے اپیل کی کہ نیشنل ٹیم کیلئے آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور ہندوستان کے زیادہ سے زیادہ ٹورز کا انتظام کرائے۔ ’’ماضی میں جب ہم نے آسٹریلیا یا جنوبی افریقہ جیسے ملکوں کا دورہ کیا ہمیں دقت پیش آئی لیکن ہمیں بہت کچھ سیکھنے کا موقع بھی ملا اور ہم نے دباؤ سے نمٹنا سیکھا۔ میرے خیال میں ہمارے کھلاڑیوں کیلئے ہندوستان کے ساتھ تواتر سے کھیلتے رہنے سے بڑھ کر کوئی بہتر طریقہ نہیں کہ دباؤ کے حالات میں کھیلتے ہوئے اپنے پرفارمنس میں بہتری لائیں اور سیکھیں،‘‘ انضمام نے یہ بات کہی۔ انھوں نے 120 ٹسٹ اور 378 ونڈے انٹرنیشنلس کھیلے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم ہندوستان کے ساتھ کہاں کھیلتے ہیں اس کی اہمیت نہیں، بلکہ ہمیں ان کے ساتھ باقاعدگی کے ساتھ کھیلتے رہنا چاہئے۔